اروند کجریوال کا 2 سابق چیف منسٹرس کے لڑکوں سے مقابلہ
دہلی اسمبلی کی 70نشستوں کیلئے آنے والے اسمبلی انتخابات میں 719 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ انتخابات کا انعقاد 5 فروری کو عمل میں آئے گا۔
نئی دہلی: دہلی اسمبلی کی 70نشستوں کیلئے آنے والے اسمبلی انتخابات میں 719 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں۔ انتخابات کا انعقاد 5 فروری کو عمل میں آئے گا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق تنقیح کے بعد امیدواروں کی جملہ تعداد 719 ہے جبکہ 981 امیدواروں نے نامزدگیاں داخل کی تھیں۔ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 18 جنوری کو کی گئی تھی، جب کہ 17 جنوری نامزدگیاں داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی۔
دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لیے کئی امیدواروں نے نامزدگیاں داخل کی تھیں اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق 477 نامزدگیوں کو مسترد کردیا گیا۔ نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ امیدوار ہیں، جب کہ پٹیل نگر اور کستوربا نگر حلقوں میں امیدواروں کی تعداد سب سے کم ہے۔
سب سے زیادہ پرجہ جاتِ نامزدگی نئی دہلی اسمبلی حلقہ میں داخل کیے گئے تھے جہاں امیدواروں کی تعداد 29 ہے۔ اس نشست کے لیے جملہ 40 نامزدگیاں داخل کی گئی تھیں۔اروند کجریوال کا دہلی کے دو سابق چیف منسٹرس کے لڑکوں یعنی بی جے پی کے پرویش ورما (صاحب سنگھ ورما کے لڑکے) اور کانگریس کے سندیپ دکشت (شیلا دکشت کے لڑکے) کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں۔
کستوربا نگر اسمبلی حلقہ میں سب سے کم نامزدگیاں داخل کی گئی ہیں اور صرف 6 امیدواروں نے جملہ 9 پرجہ جاتِ نامزدگی داخل کیے تھے۔
عام آدمی پارٹی نے کستوربا نگر سے رمیش پہلوان کو اپنا امیدوار بنایا ہے، جب کہ بی جے پی نے نیرج باسویا اور کانگریس نے ابھیشیک دت کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ ہی قومی دارالحکومت میں انتخابی جنگ میں شدت پیدا ہوگئی ہے۔ تین جماعتوں عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس نے ایک دوسرے کے خلاف الزامات عائد کیے ہیں۔