قومی

اسدالدین اویسی سے متعلق واقعہ پر سہارنپور پولیس کا بڑا قدم

اترپردیش کے سہارنپور میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں سپریم کورٹ کے ایک جج کے استقبال کے لیے تعینات پولیس عہدیدار نے غلط فہمی میں مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو ہی گارڈ آف آنر پیش کردیا۔ پولیس عہدیدار کی اس غلطی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔

سہارنپور: اترپردیش کے سہارنپور میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا، جہاں سپریم کورٹ کے ایک جج کے استقبال کے لیے تعینات پولیس عہدیدار نے غلط فہمی میں مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو ہی گارڈ آف آنر پیش کردیا۔ پولیس عہدیدار کی اس غلطی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کے روز سہارنپور کے سرکٹ ہاؤس میں پیش آیا۔ پولیس نے سپریم کورٹ کے ایک جج کے استقبال کے لیے گارڈ آف آنر کا انتظام کیا تھا۔ اسی دوران اسدالدین اویسی اپنے سیکوریٹی عملے کے ساتھ وہاں پہنچ گئے۔ ان کے ساتھ بڑی تعداد میں سیکوریٹی عہدیدار کو دیکھ کر پولیس نے انہیں ہی سپریم کورٹ کا جج سمجھ لیا اور سلامی پیش کرنا شروع کردی۔ پولیس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیے جانے پر اویسی بھی رک گئے اور کھڑے ہوکر سلامی قبول کرلی۔ تاہم بعد میں واضح ہوا کہ یہ اعزاز دراصل سپریم کورٹ کے جج کے لیے مختص تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد ہفتہ کی صبح تقریباً 11 بجے سرکٹ ہاؤس پہنچے تھے اور وہاں موجود تھے۔ تقریباً 20 منٹ بعد اسدالدین اویسی بھی اپنے سیکورٹی عملے کے ساتھ وہاں پہنچے۔ ان کی آمد کے وقت پولیس میں غلط فہمی پیدا ہوگئی اور جج کے لیے تیار کیا گیا گارڈ آف آنر انہیں پیش کردیا گیا۔

گارڈ آف آنر سرکاری پروٹوکول کے تحت کسی مخصوص شخصیت کو دیا جانے والا رسمی اعزاز ہے۔ اس میں پولیس یا مسلح دستوں کے عہدیدار منظم انداز میں کھڑے ہوکر سلامی پیش کرتے ہیں۔ یہ اعزاز کسی کی مقبولیت یا ذاتی پسند کی بنیاد پر نہیں بلکہ مقررہ سرکاری قواعد اور پروٹوکول کے مطابق دیا جاتا ہے۔ عام طور پر ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کو محض ان کے عہدے کی بنیاد پر گارڈ آف آنر نہیں دیا جاتا۔

تحقیقات کا حکم

واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور پولیس کی کارروائی پر سوالات اٹھنے کے بعد سہارنپور پولیس کے اعلیٰ حکام نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب سرکٹ ہاؤس میں اسدالدین اویسی اور چندر شیکھر آزاد کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی طے تھی، لیکن اچانک اسے منسوخ کردیا گیا۔ اس کے بعد دونوں قائدین سرکٹ ہاؤس سے روانہ ہوکر کلکٹریٹ پہنچے اور ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کی۔