شام کے شہر الحسکہ میں امریکی اڈے پر حملے
عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر متعدد حملوں کے بعد شام کے شہر الحسکہ میں واقع "الشدادی بیس" پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

دمشق: عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر متعدد حملوں کے بعد شام کے شہر الحسکہ میں واقع "الشدادی بیس” پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
"عراق میں اسلامی مزاحمت” نامی ایک عراقی دھڑے نے آج جمعرات کو سوشل میڈیا پر شائع ہونے والے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ "الشدادی اڈے” کو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ اس فوجی اڈے پر امریکی فوجی بھی موجود ہیں۔ اس دھڑے نے اڈے کو امریکیوں کے زیر قبضہ بھی قرار دیا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق مزاحمتی گروپ نے یہ اعلان بھی کیا کہ مغربی عراق کے شہر الانبار میں عین الاسد کے اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے یاد رہے الحسکہ فوجی اڈہ اور عراق اور شام میں دیگر ایسے اڈے جہاں امریکی افواج بھی موجود ہیں کو گزشتہ دنوں راکٹ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ حملے بڑھتے ہوئے حماس اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے علاقائی اور بین الاقوامی جنگ میں تبدیل ہونے کے خدشات بڑھا رہے ہیں۔ دوسری طرف امریکہ نے اپنی فوجی تیاری بڑھا دی اور مشرق وسطیٰ میں مزید فضائی دفاعی نظام بھیج دئیے ہیں۔