آواز حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی کی جانب سے مستحق غریبوں کے لیے مکانات کی فوری فراہمی کی اپیل
کمیٹی کے ضلعی صدر محمد محبوب علی، ضلعی سیکرٹری عبدالستار اور ضلعی قائد غلام ناصر نے درخواست میں کہا ہے کہ حلقہ ملاکپیٹ کے شنکر نگر اور دھوبی گلی کے رہائشی غریب لوگ اپنی معمولی آمدنی سے مکان کا کرایہ ادا کرنے اور تعلیم و طبی اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔
حیدرآباد: آواز حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی نے ضلع کلکٹر، حیدرآباد کو ایک تحریری درخواست پیش کرتے ہوئے گذشتہ 40 سالوں سے کرائے کے مکانوں میں رہائش اختیار کرنے والے مستحق غریبوں کے لیے ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے کی فوری اپیل کی ہے۔
کمیٹی کے ضلعی صدر محمد محبوب علی، ضلعی سیکرٹری عبدالستار اور ضلعی قائد غلام ناصر نے درخواست میں کہا ہے کہ حلقہ ملاکپیٹ کے شنکر نگر اور دھوبی گلی کے رہائشی غریب لوگ اپنی معمولی آمدنی سے مکان کا کرایہ ادا کرنے اور تعلیم و طبی اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متعدد بار حکام سے اپیلیں کی گئیں اور عنبرپیٹ ایم آر سے بھی رجوع کیا گیا، لیکن نہ تو ایم آر او نے اور نہ ہی متعلقہ حکومت نے اس طرف توجہ دی۔ کمیٹی نے زور دیا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے یہ لوگ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ان کی رہائش کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔
آواز حیدرآباد ساؤتھ کمیٹی کی جانب سے کلکٹر سے درخواست کی گئی ہے کہ مستحق اور محتاج افراد کو ایک خالی ڈبل بیڈروم مکان فراہم کیا جائے تاکہ وہ انسانی وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
کمیٹی نے اس اپیل کے اختتام پر امید ظاہر کی ہے کہ حکام عوامی مفاد میں فوری اور مؤثر کارروائی کریں گے۔