بنگلہ دیش: جیل سے 500 قیدی فرار
بنگلہ دیشی میں بگڑتی سیاسی صورتحال کے بعد حالات کشیدہ ہیں اور ایک گروہ نے جیل میں گھس کر 500 سے زائد قیدیوں کو چھڑا لیا ہے۔
ڈھاکہ: بنگلہ دیشی میں بگڑتی سیاسی صورتحال کے بعد حالات کشیدہ ہیں اور ایک گروہ نے جیل میں گھس کر 500 سے زائد قیدیوں کو چھڑا لیا ہے۔
میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے اور بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان فرار ہو جانے کے بعد بھی ملک میں صورتحال قابو میں نہیں آ سکی ہے اور حالات خرابی کی جانب گامزن ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسی شورش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شمالی بنگلہ دیش کے شیرپور ضلع میں واقع جیل پر ایک گروہ نے حملہ کیا ہے اور جیل میں گھس کر وہاں سے 500 سے زائد قیدیوں کو چڑھا لیا ہے۔
دوسری طرف مظاہرین کی جانب سے 6 پولیس اسٹیشنز کو آگ لگائے جانے اور وہاں موجود اسلحہ اور گولا بارود لوٹے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ڈھاکا ٹریبیون کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ مشتعل مظاہرین کی جانب سے عوامی لیگ کے لیڈروں، کارکنان کے گھروں اور افسران کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد فوج نے ملک کا عارضی نظم ونسق سنبھالنے کا اعلان کیا تھا تاہم عوام نے فوجی اقتدار کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور طلبہ نے پارلیمنٹ کو بھی تحلیل کر کے نوبل انعام یافہ محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا۔
عوامی مطالبے پر بنگلہ دیشی صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔