مہاراشٹرا

دوران پرواز خاتون کی اچانک موت، انڈیگو فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ

انڈیگو ایئرلائن نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرواز کو طبی ہنگامی صورتحال کے باعث موڑا گیا، تاہم فوری طبی امداد کے باوجود مسافر کی جان نہ بچائی جا سکی۔

مہاراشٹرا:ممبئی سے وارانسی جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E-5028 کو اس وقت مہاراشٹر کے چکلتھانہ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی جب دورانِ پرواز ایک بزرگ خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں
فضائیہ کے ہیلی کاپٹر نے سیلابی پانی میں ہنگامی لینڈنگ کی(ویڈیو)
پرواز سے قبل ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش، مسافر گرفتار
ڈونالڈ ٹرمپ کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
طیارے میں حیاتیاتی خطرہ، یونائٹڈ ایئر لائنز کی ہنگامی لینڈنگ
دوران پرواز مسافر کی باتھ روم میں خودکشی کی کوشش

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مرحومہ خاتون کی شناخت 89 سالہ سشیلا دیوی کے طور پر ہوئی، جو مرزا پور کی رہائشی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ پرواز کے ممبئی سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہی ان کی طبیعت ناساز ہوگئی۔

خاتون کی حالت بگڑنے پر پرواز کے عملے نے طبی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے قریبی ایئرپورٹ پر فوری لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ طیارہ رات تقریباً 10 بجے چھترپتی سمبھاجی نگر (چکلتھانہ ایئرپورٹ) پر اترا، جہاں ہنگامی رسپانس ٹیم اور طبی عملہ پہلے سے موجود تھا۔

لینڈنگ کے فوری بعد متاثرہ خاتون کو طبی امداد دی گئی، لیکن تمام کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا اور موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔

انڈیگو ایئرلائن نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرواز کو طبی ہنگامی صورتحال کے باعث موڑا گیا، تاہم فوری طبی امداد کے باوجود مسافر کی جان نہ بچائی جا سکی۔