حیدرآباد

حیدرآباد میں سفر کرنے والوں کیلئے بڑا اعلان، صرف 600 روپے میں کیا ملے گا؟

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) نے گریٹر حیدرآباد کے مسافروں کو سفری اخراجات میں راحت فراہم کرنے کے لیے ایک نئی اسکیم متعارف کی ہے، جس کے تحت اب صرف 600 روپے میں سات دن تک شہر کی تمام سٹی بسوں میں لامحدود سفر کیا جاسکے گا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) نے گریٹر حیدرآباد کے مسافروں کو سفری اخراجات میں راحت فراہم کرنے کے لیے ایک نئی اسکیم متعارف کی ہے، جس کے تحت اب صرف 600 روپے میں سات دن تک شہر کی تمام سٹی بسوں میں لامحدود سفر کیا جاسکے گا۔

ادارے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اس نئی سہولت کو ’ویکلی بس پاس‘ کا نام دیا گیا ہے، جو روزانہ شہر میں سفر کرنے والے مسافروں، سیاحوں اور کاروباری مقاصد کے لیے حیدرآباد آنے والے افراد کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوگی۔

یہ پاس خریداری کے دن سے مسلسل سات دن تک کارآمد رہے گا اور اس کے ذریعے گریٹر حیدرآباد کے دائرہ اختیار میں چلنے والی تمام اقسام کی سٹی بسوں، بشمول اے سی بسوں میں بھی لامحدود سفر کیا جاسکے گا، تاہم ’پشپک ایئرپورٹ لائنر‘ بس خدمات پر یہ سہولت لاگو نہیں ہوگی۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی نے واضح کیا کہ موجودہ ڈیلی بس پاس اور منتھلی بس پاس کی سہولتوں کے علاوہ مسافروں کو ایک اور سستا اور آسان سفری متبادل فراہم کرنے کے لیے یہ نئی اسکیم شروع کی گئی ہے۔ خاص طور پر ان سیاحوں، کاروباری افراد اور دیگر مسافروں کو اس سے فائدہ ہوگا جو مختصر مدت کے لیے شہر میں قیام کرتے ہیں یا مسلسل ایک ہفتے تک مختلف مقامات کے درمیان سفر کرتے ہیں۔

اس پاس کے حصول کے بعد مسافروں کو سات دن کے دوران ہر سفر کے لیے الگ الگ ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ پشپک ایئرپورٹ لائنر کے علاوہ کسی بھی سٹی بس میں سفر کرسکیں گے۔ یہ ویکلی بس پاس حیدرآباد کے تمام سٹی بس پاس کاؤنٹروں پر دستیاب ہوگا اور مسافر اپنے قریبی کاؤنٹر سے اسے خرید سکتے ہیں۔

ٹی جی ایس آر ٹی سی کے وائس چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر وائی. ناگی ریڈی نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینے کے ساتھ شہریوں کو مناسب قیمت پر بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے حیدرآباد میں ایک ہفتے تک سفر کرنے والے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ 600 روپے کے اس ویکلی بس پاس سے استفادہ کریں۔ یہ تفصیلات ٹی جی ایس آر ٹی سی کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں فراہم کی گئیں۔