تلنگانہ کی سیاست میں بڑا دھماکہ، عامر علی خان باہر — اظہر الدین گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی امیدوار!
سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کے بعد زبردست تجسس پایا جا رہا ہے، خاص طور پر جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے تناظر میں۔ محمد اظہر الدین پہلے ہی یہ دعویٰ کر چکے تھے کہ وہ جوبلی ہلز سے امیدوار ہوں گے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی سیاست میں ایک بڑا سیاسی موڑ سامنے آیا ہے۔ کابینہ نے گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی عہدوں کے لیے دو ناموں کو منظوری دے دی ہے، لیکن اس فیصلے کے آخری لمحات میں کانگریس ہائی کمان نے بڑا دھماکہ کرتے ہوئے عامر علی خان کا نام فہرست سے خارج کر دیا اور ان کی جگہ سابق کرکٹ کپتان اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہر الدین کو نامزد کر دیا۔
سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے دوبارہ غور کیا اور تازہ اجلاس میں پروفیسر کودنڈا رام اور محمد اظہر الدین کے نام گورنر کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے اس سے قبل ایم ایل سیز کی تقرری پر اسٹے لگا دیا تھا اور کہا تھا کہ اگلی سماعت تک تقرریاں مؤخر رہیں گی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 17 ستمبر کو مقرر ہے۔
سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کے بعد زبردست تجسس پایا جا رہا ہے، خاص طور پر جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے تناظر میں۔ محمد اظہر الدین پہلے ہی یہ دعویٰ کر چکے تھے کہ وہ جوبلی ہلز سے امیدوار ہوں گے۔ لیکن اب کانگریس ہائی کمان نہ صرف انہیں ایم ایل سی بنانے پر راضی ہوئی ہے بلکہ وزارت دینے کے امکان پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
اس فیصلے کے بعد سیاسی مبصرین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر اظہر الدین کو ایم ایل سی اور وزارت دی جاتی ہے تو پھر جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس کا اصل امیدوار کون ہوگا۔۔۔؟