تلنگانہ

بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی کو تلخ تجربہ

راج گوپال ریڈی،منوگوڑو کے سعیدآباد، آرے گوڑم میں کل شب انتخابی مہم چلارہے تھے کہ ٹی آرایس کارکنوں نے ان کی انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کی اوران کے خلاف نعرے بازی کی جس سے کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے حلقہ منوگوڑوکے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی کی انتخابی مہم کے دوران ان کو تلخ تجربہ کاسامناکرناپڑا کیونکہ حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارکنوں نے واپس جاوکے نعرے لگائے۔

تفصیلات کے مطابق راج گوپال ریڈی،منوگوڑو کے سعیدآباد، آرے گوڑم میں کل شب انتخابی مہم چلارہے تھے کہ ٹی آرایس کارکنوں نے ان کی انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کی اوران کے خلاف نعرے بازی کی جس سے کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔

اس واقعہ میں ایک ٹی آرایس کارکن زخمی ہوگیا جس کے ساتھ ہی زعفرانی جماعت اورٹی آرایس کے کارکنوں میں بحث وتکرارہوگئی۔ٹی آرایس کارکنوں نے اس واقعہ کے ذمہ دار کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے دھرنادیا۔

اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے صورتحال کو قابومیں کیا۔ بعد ازاں راج گوپال ریڈی،ریڈی باوی دیہات پہنچے جہاں ان کی تقریر کے اختتام کے موقع پر نامعلوم افراد نے سنگباری کی جس میں بی جے پی کے دو کارکن زخمی ہوگئے۔

اس واقعہ کے بعد صورتحال ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہوگئی۔یہاں پر بی جے پی کے کارکنوں نے اس واقعہ کے ذمہ دار کے خلاف کارروائی کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دیا۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لینے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد اس دھرنے کو ختم کردیاگیااورپولیس نے راج گوپال ریڈی کو وہاں سے چلے جانے کی ہدایت دی۔

a3w
a3w