تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے پُر عزم بی جے پی کی تیاریاں: لکشمن
مشن 90 کے حصہ کے طور پر بی جے پی نے 10ہزار مواضعات تک پہنچنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اس مہم کا آغاز 15 جنوری کو سنکرانتی تہوار کے بعد ہوگا۔ اس تہوار کے بعد ”کے سی آر ہٹاؤ“ تلنگانہ بچاؤ نعرہ کے ساتھ تنظیمی نشستیں منعقد ہوں گی۔

حیدرآباد: بی جے پی، جو تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار آنے کیلئے پر عزم ہے، اپنے مشن 90 کے حصول کے لئے مختلف پروگرامس شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
ان پروگراموں میں اپریل سے قبل 10 ہزار مواضعات میں میٹنگس کا انعقاد شامل ہے۔ زعفرانی جماعت کے ایک سینئر لیڈر نے چہارشنبہ کے روز یہ بات بتائی۔ مشن90کامطلب119 رکنی اسمبلی کی 90نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔
پارٹی کے رکن راجیہ سبھا اور بی جے پی او بی سی کے قومی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے بتایا کہ حالیہ منعقدہ پارلیمنٹری ”وستارک“ میں مشن کا فیصلہ کیا گیا پارٹی کے جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش نے یہاں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔
مشن 90 کے حصہ کے طور پر بی جے پی نے 10ہزار مواضعات تک پہنچنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اس مہم کا آغاز 15 جنوری کو سنکرانتی تہوار کے بعد ہوگا۔ اس تہوار کے بعد ”کے سی آر ہٹاؤ“ تلنگانہ بچاؤ نعرہ کے ساتھ تنظیمی نشستیں منعقد ہوں گی۔
ان نشستوں کے دوران چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کے کرپشن کو اجاگر کیا جائے گا۔ لکشمن نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ اس نعرہ کے تحت دوسرے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ، مستقر پر عوامی جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔
سابق ضلع مستقر پر ایک عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اپریل میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور پارٹی کے سربراہ جے پی نڈا شرکت کریں گے۔ اس جلسہ میں امیت شاہ، کے سی آر حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ جے پی نڈا،7 جنوری کو تلنگانہ اسمبلی کے تمام199 حلقوں میں پارٹی کی بوتھ کمیٹیوں کے ارکان سے ورچول خطاب کریں گے۔ لکشمن نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی جلسہ عام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔