بین الاقوامیقومی

7.21 لاکھ BMW کاروں کو آگ لگنے کا خطرہ، مالکین کو اہم ہدایت

BMW کی تقریباً 7.21 لاکھ گاڑیوں میں آگ لگنے کے خطرے کے پیش نظر امریکہ میں ریکال کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام نے مالکان کو گاڑیاں گھروں اور گیراج سے دور کھلی جگہ پر پارک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

واشنگٹن: مریکہ میں جرمن کار ساز کمپنی BMW کی تقریباً 7 لاکھ 21 ہزار کاروں میں آگ لگنے کے خطرے کے پیش نظر انہیں واپس بلانے (ریکال) کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (NHTSA) نے متاثرہ گاڑیوں کے مالکین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی کاریں گھروں، عمارتوں، گیراج اور دیگر گاڑیوں سے دور کھلی جگہ پر پارک کریں۔

حکام کے مطابق کار کے واٹر پمپ سے جڑے ایک الیکٹریکل کنیکٹر میں خرابی کے باعث پانی یا نمی داخل ہوسکتی ہے، جس سے شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ کار بند ہونے اور استعمال میں نہ ہونے کے باوجود بھی اس میں آگ لگ سکتی ہے۔ اسی وجہ سے مالکین کو گاڑیاں گھر کے اندر یا گیراج میں پارک نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ مسئلہ 2012 سے 2018 کے درمیان تیار کی گئی BMW کی 14 مختلف ماڈلز کی گاڑیوں میں پایا گیا ہے۔ ان میں سے بعض گاڑیوں کو 2024 میں بھی اسی خرابی کے سلسلہ میں واپس بلایا گیا تھا۔ تاہم، مرمت کے باوجود اسی نوعیت کے تقریباً 10 واقعات سامنے آئے ہیں۔

حکام کے مطابق اب تک ان واقعات میں کسی کے زخمی ہونے یا حادثہ کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ BMW اس مسئلہ کے مستقل حل پر کام کر رہی ہے، تاہم فی الحال مرمت کا حتمی طریقہ تیار نہیں ہوا ہے۔

NHTSA کے مطابق متاثرہ گاڑیوں کے مالکین کو 25 دسمبر سے نوٹس روانہ کئے جائیں گے۔ مالکان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ NHTSA کی ویب سائٹ پر اپنی گاڑی کا شناختی نمبر (VIN) درج کرکے معلوم کریں کہ آیا ان کی کار اس ریکال میں شامل ہے یا نہیں۔ مستقل مرمت تک گاڑی کو کھلی جگہ پر پارک کرنے کی ہدایت پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔