چیف منسٹر کی موجودگی میں اسٹیج پر ہنگامہ، کانگریس رکن اسمبلی برہم
اتراکھنڈ کے جاؤل جیبی میلے کی افتتاحی تقریب میں خطاب کا موقع نہ ملنے پر کانگریس رکن اسمبلی ہریش دھامی برہم، عہدیداروں سے تلخ کلامی اور اسٹیج پر توڑ پھوڑ۔
نئی دہلی: اتراکھنڈ کے تاریخی جاؤل جیبی میلے کی افتتاحی تقریب میں ہفتہ کے دن اس وقت ہنگامہ برپا ہوگیا جب مقامی کانگریس رکن اسمبلی ہریش دھامی کو اسٹیج سے خطاب کا موقع نہیں دیا گیا۔ اس بات پر برہم رکن اسمبلی نے اسٹیج پر ہی ہنگامہ شروع کردیا۔ اس دوران انہوں نے مائیک پھینک دیا اور کرسی اٹھا کر ماری، جس سے تقریب کا ماحول کشیدہ ہوگیا۔
چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کے دن ہندوستان اور نیپال کی سرحد پر کالی اور گوری ندیوں کے سنگم پر منعقد ہونے والے تاریخی جاؤل جیبی میلے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقے کی ترقی کے لیے 102.72 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔
تقریب کے دوران مقامی رکن اسمبلی ہریش دھامی اسٹیج پر پہنچے اور خطاب کرنے لگے، لیکن اسی دوران ان کا مائیک بند کردیا گیا۔ اس پر وہ برہم ہوگئے اور عہدیداروں کے ساتھ ان کی تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے اسٹیج پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔
ہریش دھامی نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ کسی مقامی رکن اسمبلی کو اپنے ہی حلقہ انتخاب کے اہم پروگرام میں خطاب کا موقع نہیں دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کے مسائل اور ان کی توقعات کو حکومت کے سامنے رکھنا ان کا حق ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ماضی میں کیے گئے کئی ترقیاتی اعلانات پر ابھی تک عمل نہیں ہوا اور عوام ان منصوبوں کی تکمیل کا انتظار کررہے ہیں۔ رکن اسمبلی نے اس بات پر بھی ناراضگی ظاہر کی کہ ان کی بات سنے بغیر ہی چیف منسٹر پروگرام سے روانہ ہوگئے۔
اس دوران اسٹیج پر کافی دیر تک کشیدگی برقرار رہی۔ عہدیداروں اور رکن اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی اور گالی گلوج بھی ہوئی، جبکہ تقریب میں موجود لوگوں میں بے چینی پھیل گئی۔ میلے کی افتتاحی تقریب کا ماحول کچھ دیر کے لیے بدنظمی کا شکار ہوگیا۔