بین الاقوامی

امریکی حملوں میں پل اور چابہار پورٹ کا ٹاور منہدم، برقی انفرااسٹرکچر تباہ۔ ملک کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا

امریکہ نے جمعہ کی صبح ایران کے خلاف اپنے فضائی حملوں کی مہم تیز کردی۔ اس نے مزید پلوں اور برقی آلات کو نشانہ بنایا۔ ایک اہم ایرانی بندرگاہ کا ٹاور ڈھیر ہوگیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ تہران پر آبنائے ہرمز کو کھولنے کا دباؤ بڑھانے کے لئے اس کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دُبئی۔ (اے پی) امریکہ نے جمعہ کی صبح ایران کے خلاف اپنے فضائی حملوں کی مہم تیز کردی۔ اس نے مزید پلوں اور برقی آلات کو نشانہ بنایا۔ ایک اہم ایرانی بندرگاہ کا ٹاور ڈھیر ہوگیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ تہران پر آبنائے ہرمز کو کھولنے کا دباؤ بڑھانے کے لئے اس کے انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی حلیفوں پر نئے مزائل حملے کئے۔ اس نے قطر کو بھی نشانہ بنایا حالانکہ وہ جنگ میں اہم ثالث کا رول ادا کررہا ہے۔ گزشتہ ماہ طئے پائی عبوری جنگ بندی ختم ہوچکی ہے۔ امریکہ اور ایران آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے لئے ایک دوسرے پر پے درپے حملے کررہے ہیں۔ ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں کئی لوگ مارے جاچکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

امریکیوں سے اپنے پرائم ٹائم خطاب میں ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ جنگ اچھی طرح جاری ہے۔ ہمیں بڑی جیت مل رہی ہے۔ آپ عنقریب محنت کا پھل دیکھیں گے۔ کل رات سے جمعہ کی صبح تک ایران کے جنوبی صوبہ ہرمزگان میں امریکی فضائی حملوں کی زد میں پل آئے۔ کم ازکم 7 افراد ہلاک ہوئے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ ہائی وے اور ریلوے پل کو نشانہ بنانے کا مقصد بندرگاہ عباس کو ایران کی اہم بندرگاہ ہے‘ اسلامی جمہوریہ کے وسطی حصہ اور تہران کی طرف جانے والی سڑکوں سے کاٹنا دکھائی دیتا ہے۔ دیگر سڑکیں ابھی بھی کھلی ہیں۔ امریکی حملوں کا دائرہ بڑھ سکتا ہے۔

ایران کی 9 کروڑ آبادی کے لئے درکار اشیاء کے علاوہ فوجی سازوسامان کی نقل وحرکت متاثر ہوسکتی ہے۔ ایران نے مانا کہ جمعہ کے دن امریکی فضائی حملہ میں اس کا برقی انفرااسٹرکچر نشانہ بنا۔ وزارت ِ توانائی نے عوام سے کہا ہے کہ وہ جنوبی صوبہ میں برقی کا استعمال کم کردیں۔ اس نے کہا کہ ان علاقوں میں فی الحال شدت کی گرمی ہے اور ایسے میں برقی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے کہاکہ اس نے تازہ حملوں میں 12 اہداف کو نشانہ بنایا۔ خلیج عمان میں ایران کی چابہار بندرگاہ کا ایک ٹاور گرپڑا۔ یہ خشکی بند پڑوسی ملک افغانستان کے لئے اہم تجارتی راستہ ہے۔امریکی وزیر دفاع نے ایک تصویر شیئر کی جس میں نگراں ٹاور کو ڈھیر ہوتا دیکھا جاسکتا ہے۔چابہار پورٹ کو ایران‘ ہندوستان کی مدد سے چلارہا ہے۔

یہ بندرگاہ امریکی حملوں کا باربار نشانہ بنی ہے۔ ایرانی وزارت ِ صحت کے ترجمان حسین کرمان پور نے بتایا کہ جمعہ کی صبح 6 بجے تک امریکی حملوں میں کم ازکم 38 افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوئے۔ جمعہ کے دن قطر نے عوام کو 2 مرتبہ خبردار کیاکہ ایرانی مزائل آرہے ہیں۔ لوگوں نے دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ قطری ایرڈیفنس نے ان مزائلس کو فضا میں روک کر مارگرایا۔ ملبہ گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوا۔ ایران نے آج صبح بحرین اور کویت کو بھی نشانہ بنایا۔

اردن کی فوج نے کہا کہ اس نے آج صبح 3 ایرانی مزائلوں کو مارگرایا۔ شمالی عراق کے نیم خودمختار کرد علاقہ کے اربل اور سلیمانیہ میں بھی آج صبح دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ یو این آئی کے بموجب امریکہ کے فضائی حملے جاری ہیں۔ چھٹے روز حملوں میں ایران کے جنوبی علاقوں کا بڑا حصہ برقی سے محروم ہو گیا۔

ایرانی وزارت توانائی کے مطابق امریکی حملوں کے بعد جنوبی علاقوں کا بڑا حصہ برقی سے محروم ہو گیا ہے۔ حملوں سے بندر عباس میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیاجس سے برقی کی لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔ وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بندر عباس اور محلقہ متاثرہ علاقوں میں برقی کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری برقی کے استعمال سے گریز کریں جب کہ شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے دور رہنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔