عرب ممالک کواونٹوں کے دور میں پہنچا دینے ایران کی دھمکی
ایران نے عربوں کو اونٹوں کے دور میں پہنچانے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ خطے کے انفرااسٹرکچر کا ایک ایک ٹکڑا ایسے تباہ کریں گے جیسے کبھی اس کا کوئی وجود ہی نہ تھا۔ ایرانی مسلح افواج کے کلیدی کمانڈ سنٹر خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈ کوارٹرزنے امریکہ اور اس کے اتحادی عرب ممالک کو اب تک کی سخت ترین وارننگ جاری کردی۔
تہران : ایران نے عربوں کو اونٹوں کے دور میں پہنچانے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ خطے کے انفرااسٹرکچر کا ایک ایک ٹکڑا ایسے تباہ کریں گے جیسے کبھی اس کا کوئی وجود ہی نہ تھا۔ ایرانی مسلح افواج کے کلیدی کمانڈ سنٹر خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈ کوارٹرزنے امریکہ اور اس کے اتحادی عرب ممالک کو اب تک کی سخت ترین وارننگ جاری کردی۔
ایرانی عسکری حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی جرأت کی تو جواب میں پورے خطہ کا انفراسٹرکچر اس طرح مٹا دیا جائے گا جیسے اس کا کبھی وجود ہی نہ تھا۔ ایرانی ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے خلیجی ممالک کو سخت ترین لہجہ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ کے انفرااسٹرکچر کا ایک ایک ٹکڑا تباہ کریں گے اور عربوں کو اونٹوں اور سینڈل کے دور میں واپس پہنچادیں گے۔ ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ اب تک ایرانی تحمل کی وجہ سے خلیجی ممالک کا جو انفراسٹرکچر محفوظ رہا ہے اب اس کی بقا کا کوئی امکان نہیں رہے گا۔
انہوں نے خلیجِ ہرمز میں امریکی مداخلت کو ایران کی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں خطہ کے کونے کونے میں تباہی مچادی جائے گی۔ دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیر جنرل محمد اکرمینیا نے بھی امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی سرحدوں پر حملے جاری رہے تو یہ جنگ محض موجودہ محاذوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ نئے علاقوں اور نئے بین الاقوامی محاذوں تک پھیل جائے گی۔
جنرل محمد اکرمینیا نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ایران نے ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کے فروغ کی کوشش کی ہے لیکن خطہ سے باہر کی قوتیں اگر یہاں مداخلت کریں گی تو انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ دشمن کو ہماری سلامتی کا احترام کرنا ہوگا۔آئی اے این ایس کے بموجب ایرانی پاسداران ِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے جمعہ کے دن ملک شام میں امریکی اسپیشل آپریشنس کمانڈ سنٹر‘ کویت میں امریکی اسلحہ ڈپوز اور لانچرس اور عمان میں راڈار سائٹس پر حملے کئے۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔
پاسداران نے ایک بیان میں کہا کہ نصر 2 آپریشنس کی 11 ویں‘ 12 ویں اور 13 ویں لہر کے دوران یہ کارروائی شروع کی گئی تھی۔ 11 ویں لہر ایران شہر کے بام پور میں ہلاک فوجیوں کے نام تھی۔ اس آپریشن کے دوران ملک شام میں امریکی اسپیشل فورسس کمانڈ سنٹر پر اچانک حملہ کیا گیا۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے یہ اطلاع دی۔ اسی دوران کویتی فوج نے کہا ہے کہ اس کا ایرڈیفنس دشمن کے مزائل اور ڈرون حملوں کو روک رہا ہے۔ عوام سے کہا گیا کہ وہ سیکوریٹی ہدایات پر عمل کریں۔
یو این آئی کے بموجب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے شام اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایرانی فورسس نے صبح سویرے شام کے علاقہ التنف میں قائم امریکی اسپیشل آپریشنس کمانڈ سنٹر کو نشانہ بنایا۔ اس حملہ کے نتیجہ میں امریکی فوج کا ایک راڈار سسٹم اور خصوصی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے متعدد ہیلی کاپٹر تباہ ہو گئے جبکہ بڑی تعداد میں امریکی عہدیداروں کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی پاسدارانِ انقلاب نے کویت میں قائم امریکی فوجی اڈہ پر نصب راڈار سسٹم کو بھی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا مکمل کنٹرول برقرار ہے اور جب تک امریکی حملے جاری رہیں گے وہ اس اہم آبی گزرگاہ کے ذریعہ تیل اور گیس کی برآمدات کو روکتے رہیں گے۔ دوسری جانب گزشتہ روز شام میں ایک بڑی کارروائی کے دوران حزب اللہ کے لیے اسمگل کی جانے والی جدید ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی گئی تھی۔ یہ جدید مزائل‘ ڈرونس اور دیگر اسلحہ عراق سے ایک آئیل ٹینکر میں چھپا کر شام کے راستہ لبنان لے جایا جا رہا تھا۔