آسام میں کمسنی کی شادیوں کے خلاف مہم جاری۔ 3دن میں 2441 گرفتاریاں
اپوزیشن کی تنقید اور احتجاج کے دوران آسام پولیس نے ریاست میں کمسنی کی شادیوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی ہے۔ 3 دن میں گرفتاریوں کی تعداد 2441 ہوگئی۔
گوہاٹی:اپوزیشن کی تنقید اور احتجاج کے دوران آسام پولیس نے ریاست میں کمسنی کی شادیوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی ہے۔ 3 دن میں گرفتاریوں کی تعداد 2441 ہوگئی۔
عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ چیف منسٹر ہیمنت بشواشرما نے ہفتہ کے دن زور دے کر کہا تھا کہ سماجی برائی کے خلاف مہم اگلے اسمبلی الیکشن تک جاری رہے گی۔
اپوزیشن خیمہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ عجلت میں کی جارہی سیاسی شعبدہ بازی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں ساری ریاست میں درج 4074 ایف آئی آر کی بنیاد پر ہورہی ہیں۔ وادی بارک میں کئی مقامات پر احتجاج ہوچکا ہے۔
آسام پردیش کانگریس صدر بھوپن بورا نے کہا کہ ہم کمسنی کی شادیوں کے خلاف ہیں لیکن بسے بسائے کنبوں کو جن کے بچے بڑے ہوچکے ہیں‘ اُجاڑنے کا فائدہ کیا ہے؟
یہ سیاسی شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں۔ اے آئی یو ڈی ایف نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ کمسنی کی شادیوں کے خلاف حکومت آسام کی کارروائی درکار قواعد و ضوابط وضع کئے بغیر کی جارہی ہے۔