مسلم پرسنل لا بورڈ کی منظوری ضروری نہیں، بی جے پی یکساں سیول کوڈ لاگو کرکے رہے گی
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ(اے آئی ایم پی ایل بی) کے اس اعلان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہ یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) کے خلاف جدوجہد کی جائے گی‘ اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ بی جے پی اصل ایجنڈہ کا حصہ ہے اور پارلیمنٹ کو اسے لاگو کرنے کے لئے مسلم تنظیم سے منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ(اے آئی ایم پی ایل بی) کے اس اعلان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہ یکساں سیول کوڈ(یو سی سی) کے خلاف جدوجہد کی جائے گی‘ اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ بی جے پی اصل ایجنڈہ کا حصہ ہے اور پارلیمنٹ کو اسے لاگو کرنے کے لئے مسلم تنظیم سے منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے یکساں سیول کوڈ کے لئے بھگوا جماعت کو مینڈیٹ (خط ِ اعتماد) دیا ہے۔ اسدالدین اویسی کے احتجاج پر موریہ نے کہا کہ انہیں احتجاج کی عادت ہے۔
پیر کے دن پارلیمنٹ ہاؤز کامپلکس میں میڈیا سے بات چیت میں ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ایودھیا میں عالیشان رام مندر کی تعمیر‘ جموں وکشمیر سے دفعہ 370کی برخاستگی اور یکساں سیول کوڈ پر عمل آوری بی جے پی ایجنڈہ کا حصہ رہے ہیں۔ مندر بن رہا ہے‘ دفعہ 370 جاچکی ہے اور باقی بچا کام (یکساں سیول کوڈ) وقت پر مکمل ہوجائے گا۔
لکھنو میں رام چرت مانس کی کاپیاں جلانے کے خلاف کارروائی پر انہوں نے کہا کہ قانون اپنا کام کررہا ہے۔ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔