وزیراعلی تلنگانہ کیخلاف نامناسب ریمارکس، اداکارالوارجن کے مداحوں کیخلاف معاملات درج
حکام ان افرادپر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں جو سوشل میڈیا پر اس طرح کے بدنیتی پر مبنی مواد کو پھیلانے میں ملوث ہیں۔
حیدرآباد: شہرحیدرآباد اورتلنگانہ کے دیگر مقامات پر سائبر کرائم پولیس نے وزیراعلی ریونت ریڈی پر توہین آمیز تبصرے کرنے کے الزام میں تلگوفلموں کے مشہور اداکار الوارجن کے مداحوں کے خلاف چار مقدمات درج کئے۔
یہ مقدمات کانگریس پارٹی کے لیڈروں اور دیگر کی شکایت پر درج کئے گئے۔
عہدیداروں کے مطابق، حیدرآباد اور اضلاع میں سائبر کرائم پولیس اداکار کے مداحوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، جو اداکار کی گرفتاری کے بعد غیر تصدیق شدہ اور بدنیتی پر مبنی پوسٹس خاص طور پر وزیراعلی اے ریونت ریڈی کے خلاف پھیلانے میں ملوث ہیں۔
سائبرآباد پولیس کی سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انتہائی چوکسی برقرار رکھیں اور ایسے افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔
پولیس نے اداکار کی گرفتاری کے پیش نظر عوام کو سوشل میڈیا پر نامناسب اور اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے سے گریز کا مشورہ دیاہے۔
حکام ان افرادپر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں جو سوشل میڈیا پر اس طرح کے بدنیتی پر مبنی مواد کو پھیلانے میں ملوث ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ تمام سینئر عہدیداروں اور اسٹیشن ہاؤس آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے ہر معاملے میں کیس درج کریں اور ایسے افرادکے خلاف کارروائی کریں۔