حیدرآباد

کالیشورم پراجکٹ کے متعلق مرکز کارویہ ناقابل فہم: کے سی آر

کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے متعلق سنٹرل واٹر کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر بات چیت کرنے کے لئے کے سی آر نے آج دہلی میں عہدیداروں سے ملاقات کی۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ نے مرکزی حکومت کی جانب سے کالیشورم پراجکٹ کومنظوری دینے کے بعد دست برداری اختیارکرنے کے اقدام پرشدید ناراضگی اور غصہ کااظہار کیا۔ کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے متعلق سنٹرل واٹر کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوال پر بات چیت کرنے کے لئے کے سی آر نے آج دہلی میں عہدیداروں سے ملاقات کی۔

 قبل ازیں کے سی آر کی ہدایت پر پرنسپل سکریٹری محکمہ آبی وسائل رجت کمار‘ای این سیزودیگر عہدیدار دہلی پہنچے کے سی آر سے اس مسئلہ پر تفصیلی بات چیت کی۔

 یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ یومیہ دوٹی ایم سی پانی کی منتقلی اور 1ٹی ایم سی پانی کے اضافی حصول کے متعلق داخل کردہ ترمیم شدہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ پر سی ڈبلیو سی کی جانب سے 11 سوال اٹھائے گئے تھے۔

چونکہ یہ کافی اہم سوال تھے ان سوالوں کا دو ہفتوں سے جوابات تیار کیئے جارہے تھے۔ ان جوابات کورجت کمارنے گزشتہ روز کے سی آر کے حوالہ کیااور سارے امور سے انہیں واقف کرایا۔ دوسری طرف حکومت تلنگانہ کی جانب سے کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی ترمیم شدہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ داخل کرنے کے بعد سے سی ڈبلیوسی کی جانب سے مسلسل مکتوب روانہ کیئے جارہے تھے۔

سی ڈبلیوسی کی جانب سے 15 ستمبر کو روانہ کردہ مکتوب میں سوال کیاگیاتھا کہ 2ٹی ایم سی سے کتنے علاقہ کوسیراب کیاجائے گا اور اضافی ایک ٹی ایم سی سے سیراب ہونے والے اضافی علاقہ کاکس طرح تعین کیاگیا اور جیوگرافک انفارمیشن نقشہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

 29ستمبر کو11سوالات پر مشتمل ایک اورمکتوب روانہ کیاگیاتھا۔ پہلے ہی کالیشورم پمپ سیٹس کے زیر آب آجانے کے بعد حکومت کواپوزیشن جماعتوں کی مسلسل تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری طرف سی ڈبلیوسی کے مطمین ہونے کے بعد ہی مرکزی حکومت سے منظوری حاصل ہوگی۔

 اس پس منظرمیں چیف منسٹرکے سی آر نے عہدیداروں کے ہمراہ سی ڈبلیوسی کے اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے 11 سوالات کا جواب اورپراجکٹ رپورٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ٹی آرایس کو بی آرایس میں تبدیل کرنے کے فیصلہ کے بعد پہلی بار دہلی آئے کے سی آر کادہلی میں ایک ہفتہ سے زیادہ عرصہ گزرچکا ہے۔

سیاسی حلقوں میں قیاص آرئیوں کا بازار گرم تھا کہ کے سی آر کادورہ دہلی ہنگامہ خیزثابت ہوگا‘ وہ مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرئیں گے۔ قومی سطح پر بی جے پی کوشکست سے دوچار کرنے کے متعلق غوروخوص کریں گے۔ اپنی نوتشکیل شدہ قومی جماعت بی آر ایس سے قومی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے متعلق واقفیت حاصل کریں گے مگر یہ سب صرف قیاس ہی رہا۔

گزشتہ تین دنوں سے کے سی آر کی طبعیت ناسازہے اوروہ دہلی میں ہی علاج کرارہے ہیں گزشتہ پانچ دنوں میں پہلی بار کے سی آرباہر آئے اور کالیشورم پراجکٹ کے متعلق سی ڈبلیوسی کے ذمہ داروں سے تفصیلی بات چیت کی۔