چندرابابو نے سی آرڈی اے کے مرکزی دفتر کی عمارت کا افتتاح کیا
یہ عمارت 4.32 ایکڑ رقبہ پر سات منزلہ (جی پلس 7) تعمیر کی گئی ہے۔ اس میں سی آر ڈی اے کے علاوہ ریاستی میونسپل اور شہری ترقی کے محکمہ سے منسلک تمام ریاستی دفاتر منتقل ہوں گے۔
حیدرآباد: آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے دارالحکومت امراوتی میں کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (سی آرڈی اے)کے مرکزی دفتر کی عمارت کا افتتاح کیا۔ وید پنڈتوں نے وزیر اعلی کا استقبال کیا۔
اس موقع پر اس مقصد کے لئے اراضی دینے والے کسانوں سے وزیر اعلی نے دوستانہ انداز میں ملاقات کی۔
یہ عمارت 4.32 ایکڑ رقبہ پر سات منزلہ (جی پلس 7) تعمیر کی گئی ہے۔ اس میں سی آر ڈی اے کے علاوہ ریاستی میونسپل اور شہری ترقی کے محکمہ سے منسلک تمام ریاستی دفاتر منتقل ہوں گے۔
عمارت کے سامنے ‘اے’ کی شکل میں ایلیویشن بنائی گئی ہے تاکہ یہ امراوتی کی نمائندگی کرے۔ مرکزی دفتر کے ساتھ 8 ایکڑ رقبہ پر مزید چار عمارتیں قائم کی گئی ہیں۔ ہر عمارت کا رقبہ 41,500 مربع فٹ ہے۔ انتظامی سہولت کے لئے تمام دفاتر ایک ہی جگہ پر مرکوز کئے گئے ہیں۔
سی آر ڈی اے کی عمارت میں پہلی منزل پر اجلاس کے ہال بنائے گئے ہیں۔ دوسری، تیسری اور پانچویں منزل پر سی آر ڈی اے کے دفاتر ہیں، چوتھی منزل پر سی ڈی ایم اے میونسپل ڈائریکٹوریٹ واقع ہے۔ چھٹی منزل پر امراوتی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے دفاتر ہیں جبکہ گراؤنڈ فلور پر انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے۔