حیدرآباد

میلاد جلوس میں قانون شکنی پر چارمینار پولیس کا ایکشن 57 نوجوانوں کی کاؤنسلنگ

والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی دوستوں کی صحبت، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور عادات پر نظر رکھیں اور انہیں منشیات اور گانجے جیسی نقصان دہ سرگرمیوں سے دور رکھیں

حیدرآباد : چارمینار زون پولیس نے میلادالنبی ﷺ کے جلوس کے دوران قوانین اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے 57 نوجوانوں کی شناخت کی ہے۔ پولیس کے مطابق جلوس سے قبل مذہبی رہنماؤں، سنٹرل میلاد کمیٹی اور پولیس کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم بعض نوجوانوں نے ان کی خلاف ورزی کی۔

پولیس نے ڈرون کیمروں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایسے نوجوانوں کی شناخت کی جن پر مبینہ طور پر خطرناک انداز میں موٹر سائیکل اسٹنٹ کرنے، موٹر سائیکلوں میں ترمیم شدہ تیز آواز والے سائلنسر استعمال کرنے، بغیر اجازت DJ سسٹم لگانے اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے الزامات ہیں۔

ڈی سی پی کِرن کھارے، آئی پی ایس نے چارمینار زون کے ایڈیشنل ڈی سی پی، اے سی پیز اور ایس ایچ اوز کے ہمراہ شناخت کیے گئے 57 نوجوانوں کی کاؤنسلنگ کی۔ اس موقع پر پولیس نے واضح کیا کہ مذہبی تہوار منانے کی آزادی سب کو حاصل ہے، لیکن تہوار کے نام پر قانون شکنی کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔

ڈی سی پی نے کہا کہ پولیس ہندو ہو یا مسلم، ہر شہری کے پرامن اور قانونی طریقے سے تہوار منانے میں تعاون کرتی ہے، تاہم ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون اور دوسروں کی سلامتی کا احترام کرے۔

انہوں نے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی دوستوں کی صحبت، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور عادات پر نظر رکھیں اور انہیں منشیات اور گانجے جیسی نقصان دہ سرگرمیوں سے دور رکھیں۔