خانہ کعبہ کی تصویر پر بھگوان شیو کی تصویر لگانے کا معاملہ، پولیس میں شکایت درج (ویڈیو)
چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں ایک شخص کی جانب سے خانہ کعبہ کی تصویر پر ہندو دیوتا بھگوان شیو کی تصویر لگانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد مقامی سطح پر ناراضگی پیدا ہوگئی اور پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔
بلاس پور۔ : چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں ایک شخص کی جانب سے خانہ کعبہ کی تصویر پر ہندو دیوتا بھگوان شیو کی تصویر لگانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد مقامی سطح پر ناراضگی پیدا ہوگئی اور پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔
اطلاعات کے مطابق اومیش شرما نامی شخص نے اپنے دوکان میں خانہ کعبہ کی تصویر کے اوپر بھگوان شیو کی تصویر لگائی تھی۔ اس واقعہ پر ٹی این آر اے ٹی (TNRAT) ٹیم کے ارکان اور ایڈوکیٹ عامر خان نے اعتراض کرتے ہوئے پولیس سے شکایت کی۔
شکایت کنندگان کا الزام تھا کہ یہ حرکت مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے مقصد سے کی گئی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد مقامی پولیس نے اومیش شرما کو پولیس اسٹیشن طلب کیا جہاں اس سے تحریری معافی نامہ لیا گیا۔
بتایا گیا کہ اس نے آئندہ اس طرح کی حرکت نہ دہرانے کا یقین بھی دلایا۔ تحریری معافی کے بعد پولیس اور شکایت کنندہ کی جانب سے اسے چھوڑ دیا گیا۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ’دی مسلم‘ نامی سوشل میڈیا ہینڈل نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس واقعہ کی ویڈیو اور شکایت سے متعلق بیان پوسٹ کیا۔
نوٹ: واقعہ سے متعلق الزامات اور پولیس کارروائی کی تفصیلات سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات پر مبنی ہیں۔