سوشیل میڈیاقومی

’پاپا، تمنا کنویں میں گر گئی ہے‘۔ بیٹی کی پکار پر رفیق خان نے گہرے کنویں میں چھلانگ لگادی(ویڈیو)

مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے پاچور شہر میں انسانیت اور بہادری کی ایک ایسی مثال سامنے آئی ہے جس نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ ایک بچی کے کنویں میں گرنے کی اطلاع ملتے ہی رفیق خان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کنویں میں چھلانگ لگادی اور ڈوبتی ہوئی بچی کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

راج گڑھ:مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے پاچور شہر میں انسانیت اور بہادری کی ایک ایسی مثال سامنے آئی ہے جس نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ ایک بچی کے کنویں میں گرنے کی اطلاع ملتے ہی رفیق خان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کنویں میں چھلانگ لگادی اور ڈوبتی ہوئی بچی کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ واقعہ پاچور شہر کے وارڈ نمبر 7 میں پیش آیا، جہاں ستیش کشواہا کی بیٹی تمنا پانی بھر رہی تھی۔ اسی دوران اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گہرے پانی سے بھرے کنویں میں جاگری۔ بچی ڈوبنے لگی اور اس کی چیخ و پکار سن کر اطراف کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اسی دوران رفیق خان کی بیٹی نے یہ واقعہ دیکھا اور فوراً اپنے والد کے پاس دوڑتے ہوئے پہنچی۔ اس نے ہانپتے ہوئے کہا، ’’پاپا، تمنا کنویں میں گر گئی ہے، اسے بچالیجیے۔‘‘

بیٹی کی آواز سنتے ہی رفیق خان ایک لمحہ ضائع کیے بغیر کنویں کی طرف دوڑے اور بچی کی جان بچانے کے لیے پانی میں چھلانگ لگادی۔ انہوں نے کنویں کے اندر بچی کو تلاش کرنا شروع کیا اور پہلے ہی کوشش میں تمنا کو ڈھونڈ نکالا۔ رفیق نے بچی کو سنبھالا اور اسے باہر نکالنے کی کوشش کی۔

اتنے میں تمنا کے والد ستیش اور ان کے دوست بھی کنویں میں اتر گئے۔ محلے کے لوگ بھی مدد کے لیے جمع ہوگئے۔ تاہم کنویں میں موجود رفیق اور بچی کو باہر نکالنا ایک بڑا چیلنج بن گیا۔

ابتدا میں لوگوں نے رسی کی مدد سے دونوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی، لیکن کامیابی نہیں ملی۔ اس کے بعد ایک کھاٹ (چارپائی) منگوائی گئی اور اسے رسی سے باندھ کر کنویں میں اتارا گیا۔

سب سے پہلے تمنا کو کھاٹ پر بٹھاکر باہر نکالا گیا اور فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں رفیق خان کو بھی اسی طریقے سے بحفاظت کنویں سے باہر نکال لیا گیا۔

رفیق خان کے جذبۂ انسانیت کی ہر طرف ستائش

رفیق خان نے ایک دوسری بچی کی جان بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈال دی۔ ان کی بہادری اور بے لوث جذبۂ انسانیت کی مقامی سطح پر ستائش کی جارہی ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ انسانیت کسی مذہب یا شناخت کی محتاج نہیں۔ مصیبت کے وقت کسی کی جان بچانے کے لیے آگے بڑھنا ہی سب سے بڑی انسانیت ہے۔