کے سی آر کے فارم ہاوز کی تحقیقات کرانے کا اعلان: چیف منسٹر
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کے ایراولی فارم ہاوز کی تحقیقات کروانے کا اعلان کیا۔ قانون ساز اسمبلی میں اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کے سی آر کے فارم ہاوز کی تحقیقات اندرون30 دن مکمل کرلی جائے گی۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کے ایراولی فارم ہاوز کی تحقیقات کروانے کا اعلان کیا۔ قانون ساز اسمبلی میں اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کے سی آر کے فارم ہاوز کی تحقیقات اندرون30 دن مکمل کرلی جائے گی۔
وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کے سی آر 700 ایکر اراضی پر مشتمل فارم ہاوز کے مالک ہیں یا نہیں؟ چیف منسٹر نے بی آر ایس قائد کے ٹی آر کے جنواڑہ فارم ہاوز کی ڈرون کے ذریعہ ویڈیو گرافی سے متعلق کہا کہ میں کے ٹی آر کے فارم ہاوز پر کیوں بمباری کروں گا؟ کیا میں بن لا دن ہوں؟۔ جیسا کہ کے ٹی آر نے ان کے فارم ہاوز پر حملہ کا الزام عائد کیا تھا۔
چیف منسٹر نے سوال کیا کہ کے سی آر نے یہ کیوں نہیں بتایا کہ ان کے فارم ہاوز کی 700 ایکر کے منجملہ388 ایکر اراضی سرکاری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فارم ہاوز میں شامل سرکاری زمین کو غریبوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ کے سی آر خاندان کے پاس سدی پیٹ میں 67.5 ایکراراضی ہے۔
کے ٹی آر کے خاندان کے پاس 123ایکر، ہریش راؤ کے خاندان کے پاس30 ایکر، کے کویتا کے خاندان کے پاس37 ایکر اراضی ہے۔ کے سی آر کے برادر نسبتی کے سنتوش راؤ کے پاس 79 ایکراراضی، نوین راؤ کے پاس 52ایکر اور کوندلا کے خاندان کے پاس48 ایکراراضی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ31 دیہاتوں میں 1.53کروڑ روپے کی زمین (باقاعدہ) ریگولرائز کرائی گئی ہے جبکہ اپنے فارم ہاوز کی 50ایکر راضی میں انعام کی 11.5 ایکڑ اراضی شامل ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ وہ دھرانی پورٹل کی باقاعدگیوں کو بہت جلد بے نقاب کریں گے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر ریاست میں ایک لاکھ کروڑ روپے کی زمین کا گھوٹا لہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی اسکام کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم(SIT) تشکیل دی جائے گی اور ایک ماہ کے اندرسارا گھوٹالہ حل کرلیا جائے گا۔
ہم نے اب تک صرف دھرانی (پارٹI) پہلے حصہ کے بارے میں بتایا کہ جلدہی ہم دھرانی پارٹ II میں ہوئی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کردیں گے۔ جب بی آر ایس ارکان بھی ایوان میں موجود ہوں گے تو ہم سب کچھ بے نقاب کریں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس بار اسپیکر کو چاہئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بی آر ایس ارکان ایوان میں آئیں۔ اُن میں میری آنکھوں میں آنکھیں ڈالکر بات کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔