جرائم و حادثات

آندھرا کی دو لڑکیاں کار حادثہ میں ہلاک، مرد ساتھیوں پر شبہ

آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں ایک سڑک کنارے ہوٹل میں کار گھس جانے سے 2نوجوان لڑکیاں ہلاک اور اُن کے مرد دوست زخمی ہوگئے، لیکن مہلوکین کے ارکان خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ نوجوانوں نے ددنوں لڑکیوں کو ہلاک کیا اور اسے حادثہ کی شکل دے دی۔

امراوتی (آئی اے این ایس)آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں ایک سڑک کنارے ہوٹل میں کار گھس جانے سے 2نوجوان لڑکیاں ہلاک اور اُن کے مرد دوست زخمی ہوگئے، لیکن مہلوکین کے ارکان خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ نوجوانوں نے ددنوں لڑکیوں کو ہلاک کیا اور اسے حادثہ کی شکل دے دی۔

مہلوکین کی بیس سالہ ہریتا اور بیس سالہ نونیتا کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ہریتا اننت پور کے ایک کالج میں نرسنگ کی طالبہ تھی اور سال سوم میں زیر تعلیم تھی جبکہ نونیتا ایک خانگی ہاسپٹل میں بحیثیت نرس کام کررہی تھی۔وہ لوگ گزشتہ 2سال سے دوست تھے۔

پولیس کے مطابق نوجوان لڑکیوں کی کمار سے دوستی تھی جو ان کے ساتھ ہاسپٹل میں کام کرتا تھا جہاں نونیتا نرس کا کام کرتی تھی۔ایک انشورنس کمپنی کا ایجنٹ سریدھر ریڈی باقاعدگی سے ہاسپٹل آیا کرتا تھا۔چاروں دوست پیر کی رات ایک کار میں روانہ ہوئے۔کورا پاڑو، ایس آر آئی ٹی کالج اور دیگر علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد وہ لوگ تقریباً4بجے صبح اننت پور کیلئے روانہ ہوئے تھے۔

سریدھر ریڈی کار چلا رہا تھا۔ وہ بظاہر گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور روتری پورم کے قریب سڑک کنارے ایک ہوٹل میں گاڑی گھسا دی۔ پولیس کے مطابق ہریتا جائے واقعہ پر ہی ہلاک ہوگئی۔ زخمی نونیتا، سریدھر ریڈی اور کمار کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں نونیتا علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکی۔

متوفی لڑکیوں کے خاندانوں نے الزام لگایا کہ یہ نوجوان میٹھی میٹھی باتیں کرکے اپنے ساتھ کارمیں لے گئے، انہیں ہلاک کردیا اور اُسے حادثہ کی شکل دے دی۔انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ دونوں نوجوانوں معمولی زخمی ہوکر کس طرح بچ گئے۔ہریتا کی ماں سلماّنے کہا کہ اُس نے نوجوانوں پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

نونیتا کی ماں وجیا نے الزام لگایا کہ دونوں نوجوان اُس کی بیٹی کو ورغلاکر ساتھ لے گئے تھے۔اُس نے دونوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔پولیس نے بتایا کہ دونوں خاندانوں کی شکایت پر ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔