چیف منسٹر دہلی روانہ، مرکزی وزراء سے ملاقاتیں متوقع
دہلی روانہ ہونے سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بونال تہوار کے حصہ کے طور پر سکندرآباد کی اجین مہانکالی مندر میں پوجا کی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اتوار کے روز دہلی روانہ ہوئے جہاں وہ مرکزی وزراء سے ملاقاتیں کریں گے۔ مرکزی بجٹ سے قبل وہ پیر کے روز مرکزی وزرا سے ملاقات کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔
ریونت ریڈی، جو تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر بھی ہیں، دہلی میں پارٹی کے سینئر قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔ ریونت ریڈی، جنہوں نے گذشتہ ہفتہ کسانوں کے قرض معافی اسکیم کو متعارف کرایا تھا، نے یہ کہا تھا کہ وہ بہت جلد دہلی جائیں گے اور لوک سبھا می قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کو ورنگل میں منعقد شدنی کانگریس کے جلسہ اظہار تشکر میں شرکت کی دعوت دیں گے۔
یہ جلسہ قرض معافی کے اظہار تشکر کے طور پر منعقد کیا جانے والا ہے۔ سال 2022میں راہول گاندھی نے ورنگل کے جلسہ میں شرکت کی تھی جہاں ورنگل ڈیکلریشن جاری کیا گیا تھا جس میں کسانوں کے قرض معافی کے ساتھ غریبوں کی بہبود کیلئے دیگر وعدے کئے گئے تھے۔
دہلی روانہ ہونے سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بونال تہوار کے حصہ کے طور پر سکندرآباد کی اجین مہانکالی مندر میں پوجا کی۔