دلچسپی سے سروے مکمل کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت
چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کیے گئے جامع کاسٹ سروے کو پوری دلچسپی کے ساتھ مکمل کریں۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) چیف سکریٹری شانتی کماری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کیے گئے جامع کاسٹ سروے کو پوری دلچسپی کے ساتھ مکمل کریں۔
سروے کی نگرانی کرنے والے خصوصی افسران کے ساتھ منعقدہ ٹیلی کانفرنس کے دوران شانتی کماری نے ریاست بھر میں گھر گھر سروے کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ منصوبہ بندی کے پرنسپل سکریٹری سندیپ سلطانیہ بھی موجود تھے۔
کانفرنس کے دوران شانتی کماری نے کہا کہ گھریلو معلومات اکٹھا کرنے اور اسٹیکرز لگانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد مرکزی سروے 9 نومبر سے شروع ہو گا۔ انہوں نے ضلع کلکٹروں اور نوڈل افسران کو فیلڈ آفیسرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سروے کو آسانی سے مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے سروے کے دوران عوام سے حاصل کردہ ڈیٹا کو مؤثر طریقہ سے منظم اور ڈیجیٹالائز کرنے کے لیے ہنر مند ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے تقرر کی ہدایت دی۔
کاسٹ سروے کی انفرادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے اس طرح کا ایک جامع گھریلو سروے شروع کیا ہے جس کی نگرانی خود چیف منسٹر کررہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے روزانہ شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلائی جانی چاہیے اور، اس بات کو یقینی بنایا جانا چائیے کہ ہر خاندان کا کاسٹ سروے میں احاطہ ممکن ہو سکے۔