بھوپال میں کلورین گیس کا اخراج 7 افرادعلیل
اسسٹنٹ کمشنر پولیس اومیش مشرا نے بتایا کہ شاہ جہاں آباد علاقہ کے عیدگاہ ہلز میں بھوپال میونسپل کارپوریشن کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے چہارشنبہ کے روز 900 کیلوگرام کے کلورین گیس سلنڈر سے گیس خارج ہوئی۔
بھوپال: بھوپال میں پانی کی صفائی کے ایک پلانٹ میں ایک سلنڈر سے کلورین گیس کے اخراج کے بعد 7 افراد علیل ہوگئے جس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش کے دارالحکومت میں 1984 کے گیس سانحہ کی یادیں تازہ ہوگئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر پولیس اومیش مشرا نے بتایا کہ شاہ جہاں آباد علاقہ کے عیدگاہ ہلز میں بھوپال میونسپل کارپوریشن کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے چہارشنبہ کے روز 900 کیلوگرام کے کلورین گیس سلنڈر سے گیس خارج ہوئی۔ پلانٹ کے قریب سلم بستی میں مقیم 7 افراد نے چند مسائل ِ صحت کی شکایت کی۔
انہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ مقامی عوام نے بتایا کہ گیس کے اخراج کے بعد بعض افراد نے سانس لینے میں دشواری‘ کھانسی اور بدبو کی وجہ سے قئے آنے کی شکایت کی۔ مشرا کے مطابق گیس کے اخراج کا علم ہوتے ہی سلنڈر کو فلٹریشن پلانٹ میں پانی میں پھینک دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس تکنیکی خرابی کو درست کرلیا گیا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ 2 اور 3 دسمبر 1984 کی درمیانی شب بھوپال میں یونین کاربائیڈ فیکٹری سے جو فی الحال ناکارہ ہے‘ زہریلی گیس کا اخراج ہوا تھا جس کے نتیجہ میں ہزاروں افراد ہلاک اور زائداز 5 لاکھ متاثر ہوئے تھے۔