حیدرآباد

یاقوت پورہ میں سی آئی او کی شجر کاری مہم کا اختتام، "مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ” کا پیغام عام

تقریب میں جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے ارکان، کارکنان، نمائندہ کارپوریٹر کرماگوڑہ جناب شفاعت علی، جناب محمد نصیر الدین، جناب کلیم خان، ایس آئی او کے ذمہ داران برادر عبدالعزیز رمضان، برادر عبداللہ ریان سمیت بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شریک ہوئے۔

حیدرآباد: چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (CIO) کی جانب سے ملک گیر سطح پر جاری ماحولیاتی مہم "مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ” کے تحت یاقوت پورہ حلقہ میں شجر کاری مہم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب اویسی پارک، داراب جنگ کالونی، مادنا پیٹ میں منعقد ہوئی، جس میں بچوں، والدین اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں
مثالی پڑوس، مثالی معاشرہ جماعت اسلامی ہند، راجندر نگر کا حقوق ہمسایہ ایکسپو
عالمی یومِ معذورین کے موقع پر معذور بچوں کے لیے تلنگانہ حکومت کی مفت سہولتوں کا اعتراف مولانا مفتی صابر پاشاہ
تحفظِ اوقاف ہر مسلمان کا مذہبی و سماجی فریضہ: ڈاکٹر فہمیدہ بیگم
محکمہ تعلیم کے سبکدوش اساتذہ کو شاندار اعزاز، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا خطاب
دعا اللہ کی قربت کا دروازہ، مومن کا ہتھیار ہے: مولانا صابر پاشاہ قادری

تقریب کے مہمان خصوصی رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب جعفر حسین معراج نے اس مہم کی بھرپور ستائش کی اور بچوں میں شجر کاری اور فطرت سے محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ درخت انسانوں کے لیے نہ صرف آکسیجن اور غذا کا ذریعہ ہیں بلکہ یہ زمین کے حسن اور ماحولیاتی توازن میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

مہم کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے تنظیمی سکریٹری جناب عبد المجیب صہیب نے کہا کہ چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن بچوں کی ہمہ جہت تربیت اور ان میں دینی و سماجی شعور بیدار کرنے کے لیے ایک مؤثر قومی پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کا مقصد ہندوستان بھر میں دس لاکھ بچوں کو شجر کاری اور فطرت کی نگہداشت کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فطرت سے محبت اور اس کی حفاظت کا جذبہ بچپن ہی سے پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر بچوں کے لیے ڈرائنگ، آرٹ، کرافٹس، شاعری اور تقریری مقابلے بھی منعقد کیے گئے تھے۔ کامیاب بچوں کو انعامات سے نوازا گیا، جن کی تقسیم مہمان خصوصی جناب جعفر حسین معراج کے ہاتھوں عمل میں آئی۔

تقریب میں جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے ارکان، کارکنان، نمائندہ کارپوریٹر کرماگوڑہ جناب شفاعت علی، جناب محمد نصیر الدین، جناب کلیم خان، ایس آئی او کے ذمہ داران برادر عبدالعزیز رمضان، برادر عبداللہ ریان سمیت بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شریک ہوئے۔

یہ مہم صرف ماحول کے تحفظ ہی نہیں بلکہ آئندہ نسلوں میں سماجی ذمہ داری، نظم و ضبط اور فطرت سے رشتہ جوڑنے کی ایک مثبت کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔