تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں سردی کا اثر۔فصلیں متاثر۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ
تلنگانہ میں جاری شدید سردی کی لہر نے جہاں عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے وہیں اب اس کا براہ راست اثر زراعت اور عام آدمی کی جیب پر بھی پڑ رہا ہے۔ تلنگانہ کے متحدہ کریم نگر ضلع میں شدید سردی اور اوس کی وجہ سے سبزیوں کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں جاری شدید سردی کی لہر نے جہاں عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے وہیں اب اس کا براہ راست اثر زراعت اور عام آدمی کی جیب پر بھی پڑ رہا ہے۔ تلنگانہ کے متحدہ کریم نگر ضلع میں شدید سردی اور اوس کی وجہ سے سبزیوں کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
شدید سردی کی وجہ سے سبزیوں کے پودوں کے پتے کالے پڑ رہے ہیں اور پھول جھڑ رہے ہیں۔ جو تھوڑی بہت سبزیاں اگ رہی ہیں وہ بھی ابتدائی مرحلہ میں ہی گر رہی ہیں جس کی وجہ سے پیداوار میں زبردست کمی آئی ہے۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ محنت اور سرمایہ لگانے کے باوجود فصل ہاتھ سے نکل رہی ہے جس سے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بازاروں میں سبزیوں کی سپلائی کم ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تاجروں نے قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ جو سبزیاں عام دنوں میں سستی ملتی تھیں اب ان کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں۔
ٹماٹر جو پہلے 20 روپے کلو تھا اب 60 سے 70 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
تورئی کی قیمت 100 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھنڈی، کریلا اور ہری مرچ کی قیمتیں بھی 100روپئے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ وہ سبزیاں جو ہر موسم میں سستی ملتی تھیں اب 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔
پیداوار میں اس نمایاں کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے صارفین اور کسانوں دونوں کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔