تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اچانک اضافہ،6 اضلاع کے لئے ایلو الرٹ جاری
موسمی حالات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ریاست کے 6اضلاع کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، سنگاریڈی اور میدک اضلاع کے عوام کو سردی کی شدت سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں اچانک سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ دو دنوں کے دوران ریاست میں شدید سرد ہواؤں کا اثر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس کے نتیجہ میں اقل ترین درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری سیلسیس تک کم ہو سکتا ہے۔
موسمی حالات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ریاست کے 6اضلاع کے لئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمل، سنگاریڈی اور میدک اضلاع کے عوام کو سردی کی شدت سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے سرد ہواؤں کے باعث خاص طور پر بچوں اور ضیعف افرادکو مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ انتہائی ضرورت کے علاوہ صبح سویرے اور رات کے اوقات میں سفر سے گریز کیا جائے۔ سرد موسم کے پیش نظر عوام کو گرم لباس پہننے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
ریاست میں اقل ترین درجہ حرارت عادل آباد ضلع میں درج کیا گیا ہے جہاں ریکارڈ سطح پر 6.2 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ اس کے علاوہ ہنمکنڈہ میں 12، راجندر نگر میں 10، پٹن چیرو میں 9 اور میدک میں 8.8 ڈگری سیلسیس اقل ترین حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔