شمالی بھارت

سمندری طوفان بپر جوائے گجرات کے ساحل کی طرف بڑھا

بپر جوائے فی الحال جکھاؤ بندرگاہ سے 210 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب، دیو بھومی دوارکا سے 220 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب اور نالیہ سے 230 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب میں واقع ہے۔

نئی دہلی: سمندری طوفان بائپر جوائے جمعرات کو گجرات کے ساحل کی طرف بڑھنے کے ساتھ ہی سوراشٹر -کچھ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہندوستان کےمحکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے آج شام 5 بجے جکھاؤ بندرگاہ کے قریب گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا اور طوفان 115-125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سرگرم رہے گا۔ بعد میں اس کی رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں
امیت شاہ اور پرینکا گاندھی کے دورے ملتوی
شمالی ہند میں 5 دن کہر اور کڑاکے کی سردی: محکمہ موسمیات
پانی کے گڑھے میں گرکر 6 سالہ لڑکا ہلاک

محکمہ موسمیات نے سوراشٹرا اور کچھ کے ساحلوں کے لیے بھی ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بائپر جوائے فی الحال جکھاؤ بندرگاہ سے 210 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب، دیو بھومی دوارکا سے 220 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب اور نالیہ سے 230 کلومیٹر مغرب-جنوب مغرب میں واقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے چار دنوں تک پورے گجرات میں بارش کے ساتھ کچھ اور سوراشٹرا میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سمندری طوفان کا سب سے زیادہ اثر کچھ، جام نگر اور دیو بھومی دوارکا اضلاع میں پڑے گا۔ انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر ساحل کے قریب رہنے والے 74,000 سے زیادہ لوگوں کو منتقل کیا ہے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹوں کو بچاؤ اور راحتی اقدامات کے لیے تعینات کیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے ڈائریکٹر جنرل اتل کروال نے آج ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ گجرات کے مختلف حصوں میں این ڈی آر ایف اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی 30 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ٹیمیں کچھ میں ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حاملہ خواتین کی شناخت کرکے انہیں اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ جان و مال کے نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے ریاست بھر میں مزید 15 مقامات پر ریزرو این ڈی آر ایف ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔