کلکٹر پداپلی کے اہلیہ کی سرکاری ہاسپٹل میں زچگی
ایسے وقت میں جب عوام سرکاری ہاسپٹلوں کا رخ کرنے سے ہچکچا رہے ہیں، پداپلی ضلع کلکٹر کویا سری ہرش نے ایک مثالی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی اہلیہ کی زچگی کے لیے سرکاری ہاسپٹل کو ترجیح دی۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ایسے وقت میں جب عوام سرکاری ہاسپٹلوں کا رخ کرنے سے ہچکچا رہے ہیں، پداپلی ضلع کلکٹر کویا سری ہرش نے ایک مثالی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی اہلیہ کی زچگی کے لیے سرکاری ہاسپٹل کو ترجیح دی۔
کلکٹر کی اہلیہ وجیا کو ہفتہ کی رات دردِ زہ شروع ہونے پر انہیں گوداوری کھنی کے سرکاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سی سیکشن آپریشن کے ذریعہ انہوں نے ایک صحتمند بیٹے کو جنم دیا۔
اسپتال میں سینئر گائناکالوجسٹ، انستھیسیا ماہرین اور نیونیٹولوجسٹ کی ٹیم موجود رہی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ماں اور بچہ دونوں کی صحت بہتر ہے۔
کلکٹر ہرش نے اپنی اہلیہ کو دوران حمل تمام طبی چیک اپس کے لیے بھی سرکاری اسپتال ہی بھیجا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ کویا سری ہرش 2017 کی یو پی ایس سی سیول سرویسس امتحان میں آل انڈیا 6 ویں رینک حاصل کرنے والے آئی اے ایس افسر ہیں، جنہوں نے این آئی ٹی جمشید پور سے پروڈکشن اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا ہے۔