دہلی

کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ

شادیوں کے سیزن کے دوران کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کا براہِ راست اثر چھوٹے کاروباروں اور کمرشل اداروں پر پڑنے کا امکان ہے، جو ایل پی جی پر انحصار کرتے ہیں۔

حیدرآباد: تیل کمپنیوں نے ایک بار پھر صارفین کو جھٹکا دیا ہے۔ کمرشل ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے ایک نیا فیصلہ لیا گیا ہے۔ 19 کلو کے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 16.50 کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ نئی قیمتیں اتوار سے نافذ ہو چکی ہیں۔ اضافہ کے بعد ملک کے دارالحکومت دہلی میں کمرشل سلنڈر کی قیمت 1818.50 ہو گئی ہے۔ یہ لگاتار پانچویں بار ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
آسٹریلیا ونڈے کی نمبر ایک ٹیم بن گئی

اسی طرح 5 کلو کے ایف ٹی ایل سلنڈر کی قیمت میں بھی  4 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ تاہم، گھریلو استعمال کے لیے 14.2 کلو کے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے، جو صارفین کیلئے کسی حد تک راحت کی خبر ہے۔

یکم اکتوبر کو کمرشل ایل پی جی کی قیمت میں 48.5 اضافہ کیا گیا، جس کے بعد قیمت 1740 تک پہنچی۔ یکم ستمبر کو قیمت میں 39 کا اضافہ ہوا تھا اور یکم اگست کو سلنڈر کی قیمت میں 6.5 کا اضافہ کیا گیا تھا۔

شادیوں کے سیزن کے دوران کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کا براہِ راست اثر چھوٹے کاروباروں اور کمرشل اداروں پر پڑنے کا امکان ہے، جو ایل پی جی پر انحصار کرتے ہیں۔

دہلی میں کمرشل سلنڈر 1818.50 کا ہوگیا ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر 803 (اُجولا یوجنا کے تحت 603) کی قیمت پر دستیاب ہے۔ کولکتہ میں کمرشل سلنڈر 1927 کا ہوگیا ہے، ممبئی میں کمرشل سلنڈر 1771 اور گھریلو سلنڈر 802.50 کا ہوگیا ہے، چینائی  میں کمرشل سلنڈر 1980 اور گھریلو سلنڈر 818.50 کی قیمت پر مل رہے ہیں۔ حیدرآباد میں کمرشل سلنڈر 2066 اور گھریلو سلنڈر 855 کی قیمت پر دستیاب ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے رجحان کے مطابق، ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمت میں بھی 1.45% اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں اے ٹی ایف کی قیمت 1318.12 کا اضافہ ہونے کے بعد 91,856.84 فی کلولیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

یہ مسلسل اضافہ عوام اور کمرشل اداروں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی پہلے ہی اپنے عروج پر ہے۔