دہلی

عورتوں کو ماہانہ 2500 روپے کی مالی امداد، کانگریس کا ’پیاری دیدی یوجنا‘ کا اعلان

دہلی کانگریس نے پیر کے دن ’پیاری دیدی یوجنا‘ کا اعلان کیا۔ اس نے کہا کہ دہلی میں اگر اس کی حکومت بنتی ہے تو اس اسکیم کے تحت شہر کی تمام اہل عورتوں کو ماہانہ 2500 روپے بطور مالی امداد دیئے جائیں گے۔

نئی دہلی: دہلی کانگریس نے پیر کے دن ’پیاری دیدی یوجنا‘ کا اعلان کیا۔ اس نے کہا کہ دہلی میں اگر اس کی حکومت بنتی ہے تو اس اسکیم کے تحت شہر کی تمام اہل عورتوں کو ماہانہ 2500 روپے بطور مالی امداد دیئے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں
کجریوال کا استعفیٰ خوش آئند، تاخیر سمجھ سے باہر: دیوندر یادو
اے پی کے چیف منسٹر پر جگن موہن ریڈی کی شدید تنقید
بی جے پی کے خلاف دہلی کانگریس کی ریالی

دہلی اسمبلی الیکشن سے قبل رائے دہندوں کو متاثر کرنے کانگریس نے کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار کو میڈیا بریفنگ کے لئے مدعو کیا جنہوں نے اپنی ریاست میں ایسی اسکیم کی کامیابی کو اجاگر کیا۔ انہو ں نے اسے بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کے لئے تک رول ماڈل قراردیا۔

انہوں نے اپنی ریاست میں کانگریس کے ویلفیر ماڈل کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے عورتوں کو مالی امداد اور سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کے کسی بھی حصہ میں جو بھی وعدہ کیا اسے وفا کیا۔ انہوں نے دہلی کی عورتوں کو مالی امداد کا تیقن دیا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ دعویٰ کرتے ہوئے کانگریس کی گارنٹیوں کا مذاق اڑاتی رہی کہ حکومت کرناٹک دیوالیہ ہوجائے گی لیکن بھگوا جماعت نے بعد میں مہاراشٹرا‘ مدھیہ پردیش اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں اسی ماڈل کی نقل کی۔ کانگریس جو مالی امداد دے رہی ہے اس کا مقصد لوگوں کو بڑھتی مہنگائی سے لڑنے میں مدد دینا ہے۔

کانگریس نے کئی دہے ملک کی خدمت کی اور وہ پراعتماد ہے کہ دہلی میں وہ پھر سے برسراقتدار آئے گی۔ اے آئی سی سی انچارج دہلی یونٹ قاضی نظام الدین نے کہا کہ کانگریس کی اپنی ساکھ ہے اور آج وہ اپنی پہلی سماجی اسکیم لانچ کررہی ہے۔ کانگریس سماجی فلاح و بہبود کے لئے جانی جاتی ہے جبکہ بی جے پی صرف جھوٹے وعدے کرتی ہے۔

صدر دہلی پردیش کانگریس دیویندر یادو نے انتخابی مہم کا نعرہ ”ہوگی ہر ضرورت پوری‘ کانگریس ہے ضروری“ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں 1 کروڑ 20 لاکھ عورتوں کے بینک کھاتوں میں ہر ماہ 2500 روپے گرہالکشمی اسکیم کے تحت جمع ہورہے ہیں۔ کرناٹک میں ہر کنبہ ماہانہ 4000-5000 روپیوں کی بچت کررہا ہے۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے سابق چیف منسٹر اروند کجریوال کو ”خوابوں کا سوداگر“ قراردیا۔