کجریوال کا استعفیٰ خوش آئند، تاخیر سمجھ سے باہر: دیوندر یادو
صدر دہلی پردیش کانگریس دیوندر یادو نے اتوار کے دن چیف منسٹر اروند کجریوال کے استعفیٰ دینے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا، لیکن دو دن کی تاخیر پر سوال اٹھایا۔
نئی دہلی: صدر دہلی پردیش کانگریس دیوندر یادو نے اتوار کے دن چیف منسٹر اروند کجریوال کے استعفیٰ دینے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا، لیکن دو دن کی تاخیر پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم کجریوال کے فیصلہ کا خیرمقدم کریں گے، یہ اچھی پہل ہے حالانکہ اِس میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری سمجھ کے باہر ہے کہ انہوں نے استعفیٰ دینے کے لئے دو دن انتظار کیوں کیا، اگر آپ کو مستعفی ہونا ہی تھا تو فوری مستعفی ہوجاتے۔
ہم بہتر نظم و نسق کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ حکومت جیل سے نہیں چل سکتی۔ دیوندر یادو نے کہا کہ استعفیٰ کا فیصلہ دو چار یا پانچ ماہ قبل جبکہ دہلی کی عوام مسائل کا سامنا کررہے تھے ہوجاتا تو انہیں خوشی ہوتی۔
چیف منسٹر دہلی کجریوال نے دو دن بعد استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور نومبر میں اسمبلی الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا جس پر سیاسی ہلچل مچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کا کوئی اور قائد الیکشن ہونے تک چیف منسٹر بنے گا۔ کجریوال نے کہا کہ میں اگنی پریکشا دینے کے لئے تیار ہوں۔