مودی کے قتل کی بات کرنے والے کانگریس لیڈر گرفتار
پولیس ذرائع کے مطابق پٹیریا کو ہاٹا پولیس کی مدد سے صبح ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ پنا ضلع کی پووائی ٹاؤن پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا اور قانونی کارروائی کے لیے پووائی لے آئی۔
پنا/دموہ: وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں قابل اعتراض بیان دینے کے معاملے میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اور کانگریس لیڈر راجہ پٹیریا کو پنا ضلع کی پولیس نے آج صبح ضلع دموہ کے ہاٹا سے گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پٹیریا کو ہاٹا پولیس کی مدد سے صبح ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ پنا ضلع کی پووائی ٹاؤن پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا اور قانونی کارروائی کے لیے پووائی لے آئی۔
ہاٹا سے ایم ایل اے رہ چکے راجہ پٹیریا کا کل سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ مسٹر مودی کے قتل کو لے کر بیان دے رہے ہیں۔ اس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کو کہا تھا۔ کل ہی پووائی پولیس اسٹیشن میں پٹیریا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
پٹیریا کا یہ ویڈیو ایک دوروزپرانا پووائی کا ہی بتایا جاتا ہے، جس میں وہ کچھ لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر مودی کا قتل کرنے کے لئے تیار رہنے سے متعلق کہتے ہوئے سنے جارہے ہیں۔
معاملے کو بڑھتا دیکھ کر پٹیریا نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت دینے کی بھی کوشش کی اور کہا کہ وہ مسٹر مودی کے ’سیاسی قتل‘ کی بات کر رہے تھے۔