کانگریس ایم ایل ایز بکاؤ مال: مودی
وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پارٹی پر آج ایک بڑا حملہ کرتے ہوئے اس کے ارکان اسمبلی کو بکاؤ مال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ایم ایل ایز برائے فروخت ہیں اور وہ کامیاب ہوتے ہی بی آر ایس میں چلے جائیں گے۔

حیدرآباد: وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پارٹی پر آج ایک بڑا حملہ کرتے ہوئے اس کے ارکان اسمبلی کو بکاؤ مال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ایم ایل ایز برائے فروخت ہیں اور وہ کامیاب ہوتے ہی بی آر ایس میں چلے جائیں گے۔
کریم نگر میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جب کبھی کرپشن کا نام آتا ہے اور جب کبھی خاندانی سیاست کا نام آتا ہے تو سب کے ذہن میں صرف بی آر ایس اور کانگریس کا نام ہی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور کے سی آر نے عوام کو دھوکہ دینے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی کی کوئی گیارنٹی نہیں ہے، کون کب بی آر ایس میں چلے جائیں، اس کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ کانگریس کا سارا بکاؤ میں بازار میں دستیاب ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی تلنگانہ کو بی آر ایس کے پنجوں سے نکالے گی۔ ان کی پارٹی رشوت خور حکمراں جماعت کے لیڈروں کو جیل بھیجے گی اور وزیراعلی چندرشیکھرراؤ کے گھپلوں کی بی جے پی حکومت تحقیقات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے غریبوں اور نوجوانوں سے دغابازی کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ تلنگانہ کے عوام نے پہلے ہی کے سی آر کو حکومت سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد بی جے پی حکمرانی والی دیگر ریاستوں کی طرح پٹرول اور ڈیزل کو سستا کیا جائے گا۔ بی آر ایس نے تلنگانہ عوام سے پانی، فنڈس اور پالیسیوں کا وعدہ کیا تھا تاہم انہیں صرف آنسو، دغابازی اور بیروزگاری ملے ہیں۔