کے ٹی آر کی کار پر کانگریس کارکنوں کا حملہ (ویڈیو وائرل)
بی آر ایس پارٹی نے کانگریس کارکنوں کے اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل پر بات کرنے کے بجائے حملے کرنے کی عادت بن گئی ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد میں سیاسی ماحول اُس وقت گرم ہوگیا جب مشتعل کانگریسی کارکنوں نے بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کی کار پر حملہ کردیا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کے ٹی آر مشیرآباد میں موسیٰ متاثرین کی سے ملاقات کرنے کیلئے جارہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق کانگریس کارکنوں نے کے ٹی آر کی گاڑی کو روک کر اُن پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود سیکیورٹی عہدیداروں اور بی آر ایس کے کارکنوں نے اُنہیں روک دیا۔
کے ٹی آر اس حملہ میں محفوظ ہیں اور بعد ازاں عنبرپیٹ میں واقع تلسیرام نگر پہنچے جہاں انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اپنے خطاب میں کے ٹی آر نے کانگریس پر سخت تنقید کی اور کہا کہ بی آر ایس کو حیدرآباد میں عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے جبکہ کانگریس اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔
بی آر ایس پارٹی نے کانگریس کارکنوں کے اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل پر بات کرنے کے بجائے حملے کرنے کی عادت بن گئی ہے۔ پارٹی نے خبردار کیا کہ غیر جمہوری اقدامات کا انجام برا ہو گا اور عوام ایسے اقدامات کا بھرپور جواب دیں گے۔