‘اندراماں مکانات’ کی تعمیر، خواتین مستریوں کی خدمات کا حصول
ان خواتین کو ضروری حفاظتی آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد، خواتین کو سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا، تاکہ وہ تعمیراتی میدان میں اپنی مہارت کو بروئے کار لا سکیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت غریب عوام کے لئے ”اندراماں مکانات” تعمیر کر رہی ہے۔ اس اسکیم میں تعمیراتی مزدوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے خواتین مستریوں کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ریاست میں مکانات کی تعمیر کے لئے 41 سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کو منتخب کیا گیا ہے۔ انہیں نیشنل اکیڈمی آف کنسٹرکشن اور ہاؤسنگ کارپوریشن کے تحت خصوصی تربیت دی جائے گی۔
ضلع کلکٹر وجیندر بوئی نے محبوب نگر منڈل کے بنڈی میدی پلی میں تعمیراتی مرکز میں 6 روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔ اس دوران، خواتین کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ سمجھایا گیا کہ کس طرح 5 لاکھ روپے کے بجٹ میں معیاری گھر تعمیر کیا جا سکتا ہے۔
ان خواتین کو ضروری حفاظتی آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد، خواتین کو سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا، تاکہ وہ تعمیراتی میدان میں اپنی مہارت کو بروئے کار لا سکیں۔