پرینکا گاندھی کی بیٹی کی جائیداد پر متنازعہ ٹویٹ، کانگریس نے دائر کرایا مقدمہ
سینئر کارکن پرمود گپتا نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ 10 مئی کو انوپ ورما نامی شخص نے اپنے ٹویٹرہینڈل سے محترمہ پرینکا گاندھی کی بیٹی مرایا واڈرا کے نام پر 3000 کروڑ روپے کے اثاثے ہونے کا جھوٹا اور بے بنیاد ٹویٹ کیا ہے۔
شملہ: کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کی بیٹی کی جائیداد کے بارے میں متنازعہ پوسٹ کرنے پر پولیس نے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
کانگریس نے جھوٹے اور بے بنیاد پوسٹ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس شخص کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے اس پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ یہ معاملہ دارالحکومت شملہ میں سامنے آیا ہے۔
چھوٹا شملہ کے رہنے والے کانگریس پارٹی کے سینئر کارکن پرمود گپتا نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ 10 مئی کو انوپ ورما نامی شخص نے اپنے ٹویٹرہینڈل سے محترمہ پرینکا گاندھی کی بیٹی مرایا واڈرا کے نام پر 3000 کروڑ روپے کے اثاثے ہونے کا جھوٹا اور بے بنیاد ٹویٹ کیا ہے۔ اس کے ذریعے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر عام لوگوں کے درمیان کانگریس پارٹی کی شبیہ کو خراب کرنے کی مہم چلائی گئی ہے۔
انہوں نے شکایت میں کہا ہے کہ انوپ ورما نے یہ پوسٹ پارلیمانی انتخابات کے دوران کیا ہے، تاکہ اس طرح کی جعلی اور جھوٹی پوسٹ سے کانگریس کی ساکھ پر برا اثر پڑے۔ لوگوں کے ذہنوں میں کانگریس کے تئیں نفرت کا جذبہ پیدا ہو اور انہیں انتخابات میں نقصان بھی اٹھانا پڑے۔
شکایت کے مطابق یہ پوسٹ غلط حقائق پر مبنی ہے اور اس سے کانگریس کی سابق قومی صدر سونیا گاندھی اور مسز واڈرا کی ساکھ کو ٹھیس پہنچی ہے۔
شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ مذکورہ شخص کے جھوٹی اور من گھڑت پوسٹ کی وجہ سے ہماچل پردیش کے کانگریس کارکنوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں میں بھی کافی غصہ ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر چھوٹا شملہ تھانے میں آئی پی سی کی دفعہ 153، 469، 500 اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کارروائی کی جا رہی ہے۔