تلنگانہ

تلنگانہ محکمہ پولیس میں 3966 نئے تقررات کو ریاستی کابینہ کی منظوری

بڑھتی ہوئی ٹکنالوجی ، بدلتے ہوئے معاشرتی حالات اور جرائم کے بدلتے ہوئے پیٹرن کے پیش نظر کابینہ نے جرائم پر قابو پانے اور اس کے مطابق عملے کی بھرتی کے لئے نئی ٹکنالوجیوں کو استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کابینہ نے ریاستی محکمہ پولیس میں نئے عہدوں پر بھرتی کو منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس کو مزید مستحکم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس نے ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے میں ملک کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔

بڑھتی ہوئی ٹکنالوجی ، بدلتے ہوئے معاشرتی حالات اور جرائم کے بدلتے ہوئے پیٹرن کے پیش نظر کابینہ نے جرائم پر قابو پانے اور اس کے مطابق عملے کی بھرتی کے لئے نئی ٹکنالوجیوں کو استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں آج دوپہر کابینہ کا ایک اجلاس پرگتی بھون میں منعقد ہوا جس میں تمام ریاستی وزرا نے شرکت کی۔

کابینہ کے اجلاس میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ نشہ آور ادویات، گانجہ اور دیگر منشیات امن و امان کا مسئلہ بنتے جارہے ہیں اور نوجوانوں کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔

ریاستی حکومت نے پہلے ہی منشیات سے وابستہ جرائم کو روکنے اور اسے ختم کرنے کے لئے محکمہ پولیس میں ایک خصوصی ونگ قائم کیا ہے۔

کابینہ نے حیدرآباد، سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور تلنگانہ سائبر سیفٹی بیورو میں مختلف زمروں میں 3،966 نئی جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے ریاستی محکمہ داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کا فوری آغاز عمل میں لائے۔

اس کے علاوہ کابینہ نے حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس کے حدود میں امن و امان کو اور بھی بہتر بنانے کے لئے پولیس نظام کو مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے نئے پولیس اسٹیشن، نئے سرکلس اور نئے ڈیویژنوں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔