ویڈیوز: ہوڑہ میں درگا پوجا میں متنازعہ تصویر کے بعد ہنگامہ آرائی
مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع میں اتوار کو درگا پوجا تقریب کے دوران ڈرائنگ مقابلہ میں بنائی گئی ایک تصویر کی وجہ سے ہنگامہ آرائی ہوگئی۔
کولکتہ (یواین آئی) مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع میں اتوار کو درگا پوجا تقریب کے دوران ڈرائنگ مقابلہ میں بنائی گئی ایک تصویر کی وجہ سے ہنگامہ آرائی ہوگئی۔
حالات اس قدربے قابو ہوگئے کہ مقامی انتظامیہ کو ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) تعینات کرنی پڑی اور دفعہ 144نافذ کر د ی گئی۔ہوڑہ پولیس سپرنٹنڈنٹ سواتی بھنگالیہ نے کہا کہ قابل اعتراض تصویر کے تعلق سے ایک کمیونٹی کی طرف سے شکایت درج کرائی گئی تھی۔
اس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے چند لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ ہوڑہ ضلع میں ایک تصویر کو لے کر درگا پوجا کے جشن کے دوران بدامنی پھیل گئی۔ برادری نے اس پر اعتراض کیا اور وہ ڈیپوٹیشن جمع کرانے تھانے آئے۔ ڈیپوٹیشن موصول ہوا اور شکایت لی گئی۔
اس کے مطابق مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ تاہم ایک گروپ نے پولیس پر حملہ کیا۔انہوں نے جوابی کارروائی کی اور مزید گرفتاریاں کی۔بھنگالیہ نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور جو بھی امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔ایس پی نے کہا کہ ہمیں کچھ پوجا پنڈلوں میں توڑ پھوڑ کی اطلاع ملی۔
ہم نے فوری طور پر فورسیس بھیجی اور صورتحال پر قابو پالیا گیا۔ اب تک 25 سے 30 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ہم علاقے میں گشت کر رہے ہیں اور علاقہ میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی ہے۔