کف سیرپ اسمگلر بھولا پرساد کی 28.50 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیشیک ورما نے جمعہ کو بتایا کہ کوڈین کف سیرپ اسمگلنگ کے ملزم بھولا پرساد کے خلاف کوتووالی رابرٹس گنج میں این ڈی پی ایس ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج ہے، جس کی جانچ ایس آئی ٹی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
سونبھدر: کوڈین کف سیرپ کی اسمگلنگ کے سلسلے میں جانچ کر رہی سون بھدر پولیس کی ایس آئی ٹی ٹیم نے مرکزی ملزم بھولا پرساد کی 28 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی غیر قانونی جائیداد عدالت کے حکم پر ضبط کر لی ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیشیک ورما نے جمعہ کو بتایا کہ کوڈین کف سیرپ اسمگلنگ کے ملزم بھولا پرساد کے خلاف کوتووالی رابرٹس گنج میں این ڈی پی ایس ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج ہے، جس کی جانچ ایس آئی ٹی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
ایس آئی ٹی نے وارانسی کے رہائشی بھولا پرساد کو چند روز قبل بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے دوران کولکاتہ کے دم دم ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں ضلع جیل سون بھدر بھیج دیا تھا۔
ایس آئی ٹی کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے کوڈین ملے کف سیرپ کی غیر قانونی اسمگلنگ کے لیے ایک منظم سنڈیکیٹ چلا رکھا تھا اور اس سنڈیکیٹ کے ذریعے تقریباً 28 کروڑ 50 لاکھ روپے کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد حاصل کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ان جائیدادوں کی نشاندہی کے بعد بھارتیہ نیائے سنہیتا سروس (بی این ایس ایس) کی دفعہ 107 کے تحت ضبطی کے لیے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی تھی۔
عدالت نے شواہد کو کافی مانتے ہوئے 22 جنوری کو ملزم کی غیر قانونی طریقے سے منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کیاتھا۔ اس حکم کی تعمیل میں 23 جنوری کو انڈین بینک، سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی شاخ وارانسی میں جمع 53 لاکھ 93 ہزار 276 روپے، 60 لاکھ روپے کی فکسڈ ڈپازٹ، دیگر دو کھاتوں میں جمع 68 لاکھ 96 ہزار روپے، ایک مرسڈیز بینز کار جس کی تخمینہ قیمت ایک کروڑ 22 لاکھ 15 ہزار روپے ہے، اور تین غیر منقولہ جائیدادیں جن کی تخمینہ قیمت ایک کروڑ 98 لاکھ روپے ہے، سمیت مجموعی طور پر تقریباً 23 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل سون بھدر پولیس نے کولکاتہ سے سرغنہ شبھم جیسوال کے والد بھولا جیسوال کو گرفتار کیا تھا۔ دونوں نے مل کراترپردیش کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال اور بنگلہ دیش تک ممنوعہ کف سیرپ کی اسمگلنگ کا نیٹ ورک قائم کررکھا تھا۔
شبھم جیسوال اور اس کے والد بھولا پرساد جیسوال نے شیلی ٹریڈرس فرم اوردیگر فرموں کے ذریعے ممنوعہ کف سیرپ کی اسمگلنگ سے کروڑوں روپے کا غیر قانونی کاروبار کیا اور انہی رقوم سے جائیدادیں بنائیں۔ شبھم جیسوال تاحال پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔