شمالی بھارت

سہاگ رات میں دل کا دورہ پڑنے سے دلہا دلہن کی موت

گھر پہنچنے کے بعد سہاگ رات سے پہلے ارکان خاندان نے دلہا دلہن کو لے کر کچھ رسومات ادا کیں اور پھر انہیں ان کے کمرے میں بھیج دیا گیا۔ تاہم اگلی صبح دونوں اپنے کمرہ میں مردہ پائے گئے۔

بہرائچ: اترپردیش میں ایک نوبیاہتا جوڑے کی سہاگ رات میں ہی موت واقع ہوگئی۔ یہ واقعہ ریاست کے بہرائچ ضلع میں پیش آیا جس کے بعد نہ صرف ارکان خاندان بلکہ محلہ کے لوگ بھی سکتہ میں ہیں کہ کس طرح ایک ہی رات میں دلہا دلہن کی ایک ساتھ موت ہوگئی۔

متعلقہ خبریں
میاچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے کرکٹر کی موت
”میرا تیسرا جنم ہوا ہے“ ایچ ڈی کمارا سوامی کا بیان

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق 24 سالہ پرتاپ یادو کی گذشتہ ہفتہ منگل کے روز 22 سالہ پشپا یادو سے شادی ہوئی تھی۔ دلہا دلہن شادی کی تقاریب کے بعد چہارشنبہ کو اتر پردیش کے بہرائچ میں اپنے گھر واپس آئے۔

گھر پہنچنے کے بعد سہاگ رات سے پہلے ارکان خاندان نے دلہا دلہن کو لے کر کچھ رسومات ادا کیں اور پھر انہیں ان کے کمرے میں بھیج دیا گیا۔ تاہم اگلی صبح دونوں اپنے کمرہ میں مردہ پائے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ فارنسک ماہرین کی ایک ٹیم کو بھی کمرے کا معائنہ کرنے کے لئے بلایا گیا تاکہ دونوں کی موت کی وجہ معلوم کی جا سکے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، رپورٹ میں پرشانت ورما، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، بلرام پور کے حوالے سے یہ بات بتائی گئی۔

حکام نے بتایا کہ دلہا دلہن کو بظاہر کوئی بیماری بھی نہیں تھی۔ دونوں صحت مند تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمرے میں زبردستی داخل ہونے کے ثبوت نہیں پائے گئے اور نہ ہی ان کے جسموں پر زخم کے نشانات تھے۔

قیصر گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دلہا دلہن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تاہم دونوں کو ایک ساتھ دل کا دورہ پڑنے پر نہ صرف پولیس بلکہ ڈاکٹرس بھی حیرانی کا شکار ہے۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی اور گھٹن کے باعث انہیں دل کا دورہ پڑا ہوگا۔ دولہا اور دلہن دونوں مسلسل دو دن سے شادی کی مختلف تقاریب میں شریک تھے۔ دونوں کو تھکن بھی بہت ہوگئی تھی۔

اس کے علاوہ جس کمرہ میں وہ سوئے تھے، وہ بہت چھوٹا تھا اور ہوادار بھی نہیں تھا۔ شاید شدید گرمی اور گھٹن کے باعث دونوں کو دل کا دورہ پڑا اور ان کی موت واقع ہوگئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔