سی پی آئی لیڈر نارائنا نے اے پی کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کو فوری طور پر کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا
انہوں نے نشاندہی کی کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان سماجی اور ثقافتی تعلقات برقرار ہیں، انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی بیٹی کی شادی بھی بھیماورم کے ایک نوجوان سے ہوئی ہے۔
حیدرآباد: سی پی آئی لیڈرڈاکٹر کے نارائنا نے آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کو فوری طور پر کابینہ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا الزام ہے کہ جنا سینا کے سربراہ نائب وزیراعلی کے عہدہ پر فائز ہونے کے لئے نااہل ہیں۔
بدھ کے روز جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں، ڈاکٹر نارائنا نے پون کلیان پر الزام لگایا کہ ان کے حالیہ بیانات دونوں تلگوریاستوں کے عوام کے درمیان تقسیم پیدا کر رہے ہیں اور آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی تقسیم کے باوجود قائم رہنے والے اتحاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان سماجی اور ثقافتی تعلقات برقرار ہیں، انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی بیٹی کی شادی بھی بھیماورم کے ایک نوجوان سے ہوئی ہے۔
نارائنا نے کہا کہ پون کلیان کے بیانات عدم مستقل مزاجی اور غیر ذمہ داری کی عکاسی کرتے ہیں، اور ایسے شخص کو حکومت کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپنے مطالبہ کا اعادہ کیا کہ آندھرا پردیش حکومت انہیں بلا تاخیر کابینہ سے برطرف کرے۔