جنوبی بھارت

بین ذاتی شادی پر سی پی آئی (ایم) کے دفتر میں توڑ پھوڑ، دو زخمی

تمل ناڈو کے ترونیلویلی شہر کے ونوبا نگر میں ایک جوڑے کی بین ذاتی شادی کے لئے حوصلہ افزائی کرنے کے الزام میں ایک غالب ذات کے لوگوں کے ایک گروپ نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کی

ترونیل ویلی: تمل ناڈو کے ترونیلویلی شہر کے ونوبا نگر میں ایک جوڑے کی بین ذاتی شادی کے لئے حوصلہ افزائی کرنے کے الزام میں ایک غالب ذات کے لوگوں کے ایک گروپ نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور مارپیٹ کی جس میں سی پی آئی (ایم) کے دو کارکن زخمی ہوگئے ہیں۔ اس معاملے میں پولیس اب تک لڑکی کے والدین سمیت 13 لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔

پولیس ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ مدن کمار (28) جو دلت برادری سے تعلق رکھتا ہے، کو پلئی برادری کے بااثر شخص ادے تھچائینی (23) سے محبت ہوگئی۔ لڑکی کو اس کے گھر والوں کی جانب سے محبت کے حوالے سے سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

لڑکی کے والدین کے ردعمل سے خوفزدہ جوڑے نے خفیہ شادی کے بعد سی پی آئی (ایم) کے دفتر میں پناہ لی۔ سی پی آئی (ایم) کے عہدیداروں کی مدد سے جوڑے نے جمعہ کو میلاپالیم سب رجسٹرار آفس میں اپنی شادی رجسٹر کرنے کا منصوبہ بنایا۔

اس کی اطلاع ملتے ہی لڑکی کے والدین، ان کے رشتہ دار اور پلئی کاسٹ یونین کے عہدیدار سی پی آئی (ایم) کے دفتر میں داخل ہوئے اور لڑکی کو زبردستی گھر میں لے جانے کی کوشش کی۔ سی پی آئی (ایم) کے عہدیداروں اور لڑکی کے اہل خانہ کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد لڑکی کے کنبہ کے افراد اور ذات تنظیم کے عہدیداروں نے پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور تمام فرنیچر اور کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ اس واقعہ میں سی پی آئی (ایم) کے دو ارکان زخمی ہوئے اور ان کا سرکاری اسپتال میں علاج کیا گیا۔

سینئر پولیس عہدیداروں نے سی پی آئی (ایم) کے دفتر کا دورہ کیا اور تحقیقات کی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر پارٹی دفتر پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ۔ پولیس نے آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کر کے لڑکی کے والدین سمیت 13 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

دریں اثنا، سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری کے بالا کرشنن نے پارٹی دفتر پر حملے کی سخت مذمت کی اور پولیس سے درخواست کی کہ وہ تشدد کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے جوڑے کے لیے پولیس تحفظ کا بھی مطالبہ کیا۔

ریاست کی اہم اپوزیشن اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سکریٹری اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ای کے پلانی سوامی نے بھی سی پی آئی (ایم) کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی سخت مذمت کی اور اپنے اس الزام کو دہرایا کہ ڈی ایم کے کے دور میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔

a3w
a3w