کرکٹر رویندراجڈیجہ بی جے پی میں شامل
رویندرا جڈیجہ نے حال ہی میں 30 جون کو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے 72 ٹیسٹ اور 197 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 294 اور 220 وکٹیں حاصل کیں۔

گاندھی نگر: ہندوستانی کرکٹر رویندرا جڈیجہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ان کی اہلیہ ریوابا جڈیجہ، جو پہلے سے ہی گجرات کے جام نگر شمالی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کی ایم ایل اے ہیں، نے جمعرات کو ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں دونوں کا ممبرشپ کارڈ شیئر کیا۔
رویندرا جڈیجہ نے حال ہی میں 30 جون کو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے 72 ٹیسٹ اور 197 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 294 اور 220 وکٹیں حاصل کیں۔ بائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر جڈیجہ نے دونوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 6000 رنز بھی بنائے ہیں۔
ان کے کرکٹ کیریئر کی اہم کامیابیوں میں 2013 کی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی فتح شامل ہے، جہاں انہوں نے 12 وکٹیں لے کر نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی چار چیمپیئن ٹیموں کا حصہ بھی رہے ہیں، ایک بار راجستھان رائلز اور تین بار چنئی سپر کنگز کے ساتھ۔
بی جے پی کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی ‘سنگھٹن پروا، سداسیتا ابھیان 2024’ رکنیت سازی مہم میں رویندرا جڈیجہ کی شمولیت پارٹی کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔