بھارت

جسٹس یو یو للت ہندوستان کے 49 ویں چیف جسٹس مقرر

جسٹس للت سپریم کورٹ کے دوسرے چیف جسٹس ہیں، جنہیں اس عہدے تک پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس سے قبل جسٹس ایس ایم سیکری کو13واں چیف جسٹس بننے کا اعزاز حاصل ہواتھا۔ چیف جسٹس کے طور پر ان کی مدت کار جنوری 1971 سے اپریل 1973 تک تھی۔

نئی دہلی: جسٹس ادے امیش للت نے ہفتہ کو 49ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ صدر دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں سینئر ترین جج کو حلف دلایا۔ وکالت کرتے ہوئے براہ راست سپریم کورٹ کے جج بننے والے چیف جسٹس للت کی مدت کار 73 دن ہوگی۔ وہ 8 نومبر 2022 تک چیف جسٹس آف انڈیا کے طور پر کام کریں گے۔

جسٹس للت سپریم کورٹ کے دوسرے چیف جسٹس ہیں، جنہیں اس عہدے تک پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس سے قبل جسٹس ایس ایم سیکری کو13واں چیف جسٹس بننے کا اعزاز حاصل ہواتھا۔ چیف جسٹس کے طور پر ان کی مدت کار جنوری 1971 سے اپریل 1973 تک تھی۔

جسٹس للت 9 نومبر 1957 کو پیدا ہوئے تھے۔ جون 1983 میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئے اور دسمبر 1985 تک بمبئی ہائی کورٹ میں پریکٹس کی۔ جنوری 1986 میں دہلی آکر وکالت جاری رکھی۔ اپریل 2004 میں انہیں سپریم کورٹ نے سینئر وکیل کے طور پر نامزد کیا۔

بہت سے معاملات میں ایمکس کیوری کے طور پر کام کیا. انہیں سپریم کورٹ کے حکم کے تحت تمام 2جی مقدمات کی سماعت کے لیے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے خصوصی پبلک پراسیکیوٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

دو مدت کار کے لیے سپریم کورٹ آف انڈیا لیگل سروسز کمیٹی کے رکن رہے اور 13 اگست 2014 کو سپریم کورٹ آف انڈیا کے جج مقرر ہوئے۔ جسٹس للت 73 دن تک چیف جسٹس رہیں گے اور 8 نومبر 2022 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

ہندوستان کے 48ویں چیف جسٹس (سی جے آئی) جسٹس این وی رمنا تقریباً 16 ماہ تک چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد 26 اگست کو ریٹائر ہوگئے۔ جسٹس للت کے بعد جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے اگلے چیف جسٹس بننے کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ تقریباً دو سال تک چیف جسٹس آف انڈیا رہ سکتے ہیں۔