سمندر میں اٹھنے والا ہے نیا طوفان، کئی علاقوں پر منڈلانے لگا خطرہ
خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرنے لگا، 16 نومبر کو ’اکوان‘ نامی سمندری طوفان بننے کا امکان؛ چینائی سمیت تمل ناڈو کے کئی اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی۔
چینائی (یو این آئی) خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ کا علاقہ ہفتہ کی صبح مزید شدت اختیار کرتے ہوئے واضح کم دباؤ کے علاقے میں تبدیل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے اور بعد ازاں 16 نومبر کو سمندری طوفان کی شکل اختیار کرنے کا قوی امکان ہے۔
اس طوفان کو ‘اکوان’ کا نام دیا جائے گا۔محکمہ موسمیات کی تازہ اطلاع کے مطابق، جنوب مشرقی خلیج بنگال میں جمعہ کو تشکیل پانے والا ہوا کے کم دباؤ کا علاقہ ہفتہ کی صبح ساڑھے پانچ بجے تک مزید مستحکم ہوکر واضح کم دباؤ کے علاقے میں تبدیل ہوگیا تھا۔پیش گوئی کے مطابق، یہ موسمی نظام آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مغرب کی سمت پیش قدمی کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
اس کے بعد شمال-شمال مغرب کی سمت بڑھتے ہوئے مزید شدت اختیار کرے گا اور 16 نومبر کی شام وسطی خلیج بنگال میں سمندری طوفان کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ ایران کی تجویز پر اس طوفان کا نام ‘اکوان’ رکھا جائے گا۔تمل ناڈو میں شمال مشرقی مانسون دوبارہ سرگرم ہونے کا امکان اس نئے موسمی نظام کے باعث مختصر وقفے کے بعد تمل ناڈو میں شمال مشرقی مانسون دوبارہ سرگرم ہونے کی توقع ہے۔
آئندہ چند دنوں کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر چنئی اور اس سے متصل شمالی ساحلی اضلاع میں بارش کا ایک نیا دور شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم بارش کی شدت اور پھیلاؤ کا انحصار موسمی نظام کی سمت اور اس کی رفتار پر ہوگا۔سمندری طوفان کے خدشے اور موسمی نظام کی شدت میں اضافے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 20 نومبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی ہے۔
اس کے علاوہ گہرے سمندر میں موجود ماہی گیروں کو فوری طور پر ساحل پر واپس آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق، موسمی نظام کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے بعد اس کے ممکنہ ساحل سے ٹکرانے کے مقام کے بارے میں پیش گوئی کی جا سکے گی۔ اس کے بعد طوفان کی سمت، رفتار اور ہواؤں کے رخ کی بنیاد پر لینڈ فال کے مقام کا تعین کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ 15 اکتوبر کو شمال مشرقی مانسون کے آغاز کے بعد سے خلیج بنگال میں مسلسل چوتھی مرتبہ ہوا کا کم دباؤ کا علاقہ تشکیل پایا ہے۔ اس کے علاوہ یہ خلیج بنگال میں لگاتار آنے والا تیسرا سمندری طوفان بھی ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل شدید سمندری طوفان ‘ارنب’ اور ‘مراسو’ خلیج بنگال میں تشکیل پائے تھے۔ دونوں طوفان آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد آگے بڑھ گئے تھے، تاہم ان سے تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا تھا۔رپورٹ کے مطابق، ممکنہ طور پر یہ پہلا موقع ہے کہ شمال مشرقی مانسون کے دوران خلیج بنگال میں یکے بعد دیگرے چار موسمی نظام تشکیل پائے ہیں۔ پہلے کم دباؤ کے نظام کے علاوہ دوسرے اور تیسرے نظام نے شدید سمندری طوفانوں کی شکل اختیار کی تھی، جبکہ جمعہ کو تشکیل پانے والا چوتھا نظام بھی سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اس طرح یہ خلیج بنگال میں مسلسل تیسرا سمندری طوفان ہوگا۔دریں اثنا، نجی موسمیاتی تجزیہ نگار ہیما چندر نے پیش گوئی کی ہے کہ موسمی نظام 17 نومبر تک مزید شدت اختیار کرکے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق، اس کے نتیجے میں تمل ناڈو میں بارش کی سرگرمیاں دوبارہ تیز ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ شمالی ساحلی اضلاع، بشمول چینائی، تروولور، کنچی پورم، چینگل پٹو، کڈلور اور ویلوپورم میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کاویری ڈیلٹا کے علاقوں اور جنوبی ساحلی اضلاع ناگاپٹنم، ترووارور، تنجاوور، راماناتھا پورم، توتیکورن، ترو نیل ویلی اور کنیاکماری میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ہیما چندر نے اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا کہ سمندری طوفان 19 نومبر کی رات یا 20 نومبر کی علی الصبح شمالی تمل ناڈو کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔ ان کے مطابق، طوفان کے چینائی کے قریب ساحلی علاقے سے ٹکرانے کا امکان ہے۔موسمیاتی تجزیہ نگار کے مطابق، ابتدائی مرحلے میں یہ نظام شمال مغرب کی سمت بڑھے گا، تاہم 16 اور 17 نومبر کو جنوب مغربی خلیج بنگال میں اس کی رفتار سست پڑ سکتی ہے یا یہ کچھ وقت کے لیے ایک ہی مقام پر ٹھہر سکتا ہے۔
اس کی ایک وجہ بحر ہند اور بحر الکاہل کے خطوں میں موجود فضائی دباؤ کے نظاموں کی وجہ سے موسمی راستے میں ممکنہ رکاوٹ ہے۔ان کے مطابق، ‘اکوان’ ابتدائی طور پر اپنی رفتار سست کرنے کے بعد مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور پھر شمالی تمل ناڈو کے ساحل کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ اس کی ممکنہ ساحلی آمد 19 نومبر کی رات یا 20 نومبر کی علی الصبح متوقع ہے۔