حیدرآباد

طوفان مندوس، حیدرآباد میں بارش کا سلسلہ جاری

ریاست میں مشرق اور جنوب مشرق علاقوں سے ہوائیں چل رہی ہیں اور اس کے زیراثر درجہ حرارت میں گراوٹ ہورہی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

حیدرآباد: سمندری طوفان مندوس کے زیر اثر پیر کو بھی حیدرآباد کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کی شام سے ہی شہر میں بارش ہورہی ہے۔

شہر کے جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، فلم نگر، مادھاپور، ہائی ٹیک سٹی، کونڈا پور، گچی باؤلی، گولکنڈہ، لنگر حوض، مہدی پٹنم، نامپلی، خیریت آباد، ٹینک بنڈ، حمایت نگر، نارائن گوڑا، اپل، بنڈلہ گوڑہ، حیات نگر، سرو نگر اورپرانا شہر میں ہلکی بارش ہورہی ہے۔

حیدرآباد کے موسمیاتی مرکز نے کہا ہے کہ اگلے تین دنوں تک بارش کا امکان ہے۔ ریاست میں مشرق اور جنوب مشرق علاقوں سے ہوائیں چل رہی ہیں اور اس کے زیراثر درجہ حرارت میں گراوٹ ہورہی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

طوفان کے اثر سے ضلع میدک کے کئی علاقوں میں بھی دو تین دنوں سے ہلکی بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سڑکوں پر رکھی کٹی ہوئی فصل، خریداری مراکز پر لائی گئی کٹی ہوئی فصل بارش کی وجہ سے بھیگ گئی۔ کسانوں نے حکام پر الزام لگایا ہے کہ اناج کو جلد ملوں میں منتقل کرنے میں غفلت برتی جارہی ہے۔

دوسری جانب بارش سے سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔